راولپنڈی : پاکستان اور روس کے درمیان ایم آئی 35 ہیلی کاپٹر کی خریداری کے معاہدے پر دستخط کردیئے گئے۔ ایم آئی 35 ہیلی کاپٹر ایم آئی 24 ہیلی کاپٹر کا جدید ترین ڈیزائن ہے جو جدید آلات سے لیس ہے۔
عسکری ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستانی اور روسی حکام کے درمیان ایم آئی 35 ہیلی کاپٹروں کی خریداری کے معاہدے پر دستخظ راولپنڈی میں ہوئے۔
اس موقع پر عسکری حکام بھی موجود تھے، معاہدے کے تحت پاکستان روس سے 4 ایم آئی 35ہیلی کاپٹر خریدے گا۔ مذکورہ ہیلی کاپٹرز قبائلی علاقوں میں دہشت گردوں کیخلاف جنگ میں استعمال کیے جائیں گے۔
پاکستان اور روس کے درمیان ان ہیلی کاپٹرز کی خریداری کیلئے ایک سال سے بات جاری تھی۔ روس کے ساتھ تعلقات کا فروغ پاکستان کی خارجہ پالیسی میں تبدیلی کی جانب واضح اشارہ ہے۔