راولپنڈی : ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار نے کہا ہے کہ پاک روس فوجی مشقیں دروزبہ 5 تربیلا کے مقام پر جاری ہے ، فوجی دستوں نے انسداددہشت گردی کی مشقیں کیں اور اسکائی ڈائیونگ کی تیاریوں کا مظاہرہ بھی کیا۔
تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے سربراہ میجر جنرل بابر افتخار نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا پاک روس فوجی مشقیں دروزبہ 5 تربیلا کے مقام پر جاری ہے ، مشقوں میں دونوں ممالک کی اسپیشل فورسز کے دستے حصہ لے رہے ہیں۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کاکہنا تھا کہ فوجی دستوں نےانسداددہشت گردی کی مشقیں کیں اور اسکائی ڈائیونگ کی تیاریوں کا مظاہرہ بھی کیا گیا جبکہ کھیلوں کی سرگرمیاں بھی ان مشقوں کاحصہ ہیں۔
Pakistan – Russian Federation Special Forces joint exercise #DRUZHBA-V underway at Tarbela. The participating troops busy in practicing Counter Terrorism drills and procedures, rappelling and preparations for sky diving. Sports activities are also part of exercise. pic.twitter.com/538ugAzQhP
— DG ISPR (@OfficialDGISPR) November 10, 2020
یاد رہے دو روز قبل پاکستان اور روس کے درمیان دفاعی تعاون کو مزید فروغ دینے کے لئے پانچ روزہ مشترکہ فوجی مشقوں کا آغاز ہوا تھا، مشقیں 2 ہفتےجاری رہیں گی۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق دروزبہ کے عنوان سے پہلی مشق2016 اور تیسری 2018 میں پاکستان میں ہوئیں جبکہ دوسری اور چوتھی مشقیں 2017 اور 2019 میں روس میں منعقد ہوئی تھیں۔
خیال رہے ستمبر 2016 کے آغاز میں روس کی آرمی کے کمانڈر ان چیف جنرل اولیگ سالو کوو نے ان مشقوں کا اعلان کیا تھا۔انہوں نے بتایا تھا کہ پاکستان اور روس کی پہلی مشترکہ فوجی مشقیں پہاڑی علاقے میں ہوں گی۔
واضح رہے کہ دونوں ممالک میں دفاع تعاون بڑھانے کا باقاعدہ سلسلہ 2014 میں اس وقت شروع ہوا تھا،جب روس کے وزیر دفاع سرگئی شوئے گو نے پاکستان کا دورہ کیا تھا، اسی دورے میں ماسکو اور اسلام آباد نے دفاعی معاہدے پر دستخط بھی کیا تھا۔