اسلام آباد: پاکستان نے پلوامہ حملے پر بھارتی ڈوزئیر کا جواب بھجوا دیا، ترجمان دفترِ خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان نے بھارتی ڈوزئیر میں معلومات پر تحقیقات کر کے جواب دیا۔
تفصیلات کے مطابق دفترِ خارجہ کی جانب سے بھارتی ہائی کمشنر کو دفترِ خارجہ بلا کر پلوامہ حملے پر ڈوزیئر کا جواب ان کے حوالے کیا گیا۔
ترجمان دفترِ خارجہ نے کہا کہ وزیرِ اعظم عمران خان نے بھارت کو پلوامہ حملہ کے بعد تحقیقات میں مدد کی پیش کش کی تھی، بھارت کی طرف سے 27 فروری کو ڈوزئیر بھجوایا گیا تھا۔
دفترِ خارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے اس معاملے پر ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے پڑوسی ملک کے ساتھ مکمل تعاون کیا ہے۔
انھوں نے کہا کہ پاکستان نے خطے میں امن اور سلامتی کے لیے ذمہ داری کا مظاہرہ کیا، آگے بڑھنے کے لیے بھارت کی طرف سے مزید معلومات کا انتظار ہے۔
یہ بھی پڑھیں: بھارت کی ماحولیاتی دہشت گردی کے خلاف پاکستان کا ڈوزیئر اقوام متحدہ میں پیش
یاد رہے کہ گزشتہ ماہ 28 فروری کو دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر فیصل نے اطلاع دی تھی کہ بھارت کے پلوامہ حملوں سے متعلق ڈوزیئر دفتر خارجہ کو موصول ہو گئے ہیں، اگر ثبوت اس قابل ہوئے کہ کارروائی جائے تو پاکستان کارروائی کرے گا۔
بعد ازاں 8 مارچ کو بھارتی میگزین انڈیا ٹو ڈے نے دعویٰ کیا کہ پاکستان نے بھارتی ڈوزیئر مسترد کر دیے ہیں، جس پر دفتر خارجہ نے رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ یہ خبر جھوٹ پر مبنی ہے، بھارتی ڈوزیئر کا جائزہ لیا جا رہا ہے، جلد جواب دیا جائے گا۔