ملک کے بالائی علاقوں میں برفباری سے سردی کی شدت بڑھ گئی جب کہ تفریحی مقامات ناران، کاغان اور سوات وادیوں کا حسن سحر انگیز ہوگیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق ملک کے بالائی علاقوں اور شمالی علاقہ جات میں پہاڑوں پر ہونے والی برفباری سے موسم انتہائی سرد ہو گیا ہے دوسری جانب تفریحی مقامات کا حسن بھی دوبالا ہوگیا ہے وار سیاحوں کی بڑی تعداد یہاں پہنچ رہی ہے۔
ناران اور کاغان میں برف باری سے وادیوں کا حسن مزید سحر انگیز ہو گیا ہے۔ سوات کی وادی کالام اور مہوڈھنڈ بھی برف کی چادر سے ڈھک گئے ہیں۔
آسمان سے برستی نرم اور چاندی جیسی برف نے قدرت کے نظارے اور بھی حسین بنا دیے ہیں برفباری کے بعد وادی مالم جبہ کے مناظر بھی نکھر گئے۔ استور اور کمراٹ بھی اس چاندی سے نہا گئے ہیں۔ سیاح بھی ٹھنڈے ٹھار موسم اور برفباری کے حسن سے لطف اندوز ہونے کے لیے بڑی تعداد میں ان مقامات پر پہنچ رہے ہیں۔
گلگت کی وادی نلتر کا حسن بھی برف باری کے بعد جوبن پر آ گیا اور سوات کے پہاڑ بھی برف سے سفید ہو گئے۔ اپر اور لوئر چترال میں بھی برف باری کا سلسلہ جاری ہے۔ اسکردو، استور، ہنزہ اور وادی نیلم میں برفباری سے درجہ حرارت نقطہ انجماد سے گر گیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے ملک کے بالائی اور شمالی علاقہ جات کے بیشترعلاقوں میں موسم سرد اورخشک رہنے کی پیشگوئی کی ہے جب کہ اسلام آباد کا موسم بھی یکسر بدل گیا ہے۔