ہفتہ, جنوری 18, 2025
اشتہار

اسٹیل ملز ملازمین کیلیے بڑی خوشخبری!

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے پاکستان اسٹیل ملز کے ملازمین کی تنخواہیں جاری کرنے کی منظوری دے دی۔

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیرِ صدارت ای سی سی کا اجلاس ہوا جس میں اسٹیل ملز ملازمین کی تنخواہوں کی مد میں 93 کروڑ 57 لاکھ روپے جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

اجلاس کے اعلامیے میں بتایا گیا کہ اسٹیل ملز ملازمین کیلیے ساڑھے 3 ارب روپے کی گرانٹ بھی منظور کی جا چکی ہے۔

- Advertisement -

یہ بھی پڑھیں: اسٹیل ملز کے ہزاروں ملازمین کو برطرف کیوں کیا گیا؟

اعلامیےکے مطابق اجلاس میں وزارت خارجہ کیلیے 9 کروڑ روپے کی گرانٹ جبکہ فرنٹیئر کور کیلیے 94 کروڑ 14 لاکھ روپے کی گرانٹ کی منظوری دی گئی۔

گوادر پورٹ سے ڈی اے پی کی شپمنٹ کیلیے گارنٹی جبکہ وزارت غذائی تحفظ کیلیے 91 کروڑ روپے گرانٹ منظور کی گئی۔ اجلاس میں ای او بی آئی کی جانب سے آڈٹ میں تاخیر پر ای سی سی نے برہمی کا اظہار کیا۔

3 جولائی 2024 کو وفاقی حکومت نے اسٹیل ملز کو بند کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ سیکریٹری صنعت و پیداوار نے بتایا تھا کہ سندھ حکومت پاکستان اسٹیل کی جگہ اپنی اسٹیل ملز لگائے گی، وزارت صنعت و پیداوار کی اسٹیل ملز کی 700 ایکڑ زمین سندھ حکومت کو دینے کی پیشکش کی گئی۔

انہوں نے بتایا تھا کہ گزشتہ سال پتا چلا کہ اس کا کوئی خریدار موجود نہیں، 700 ایکڑ کے علاوہ زمین صنعتی مقاصد کیلیے استعمال ہوگی، سندھ حکومت اسٹیل ملز چلانے کیلیے نیلا پلانٹ قائم کرے گی، اس کی زمین سے ساڑھے 4 ہزار ایکڑ اسپیشل اکنامک زونز کو لیز پر دیا جائے گا۔

چیف فنانشل آفیسر عارف شیخ کا کہنا تھا کہ پاکستان اسٹیل ملز ملازمین کا سالانہ تنخواہوں کا حجم 31.1 ارب ہے، 10 سال میں ملازمین کو تنخواہوں کی مد میں 32 ارب ادا کیے گئے۔

انہوں نے بتایا تھا کہ 10 سال میں ملز میں 7 ارب روپے کی گیس استعمال ہو چکی ہے، سیاسی بھرتیاں اور ملازمین کو مستقل کرنا پاکستان اسٹیل ملز کو لے ڈوبی ہے۔

چیف فناننشل آفیسر کے مطابق حکومت نے 2010 میں اس وقت کی 4500 ملازمین کو مستقل کرنے کا کہا، 2010 میں ساڑھے 4 ہزار ملازمین کو مستقل کرنے سے لاگت میں 2 ارب روپے کا اضافہ ہوا۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں