کراچی: پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروبار میں ملا جلا رجحان دیکھا گیا، ڈالر کی قیمت میں 60 پیسے کمی آئی اور ڈالر 198 روپے پر پہنچ گیا۔
تفصیلات کے مطابق کاروباری ہفتے کے دوسرے روز 31 مئی 2022 منگل کو پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں ملا جلا رجحان دیکھا گیا، دن کے آغاز پر 100 انڈیکس میں 262 پوائنٹس اضافہ ہوا اور انڈیکس 43 ہزار 303 پوائنٹس پر ٹریڈ کرنے لگا۔
دن کے اختتام تک انڈیکس میں مجموعی طور پر 38 پوائنٹس اضافہ ہوا اور انڈیکس 43 ہزار 78 پوائنٹس پر بند ہوا۔
دن بھر میں مجموعی طور پر 362 کمپنیوں کے شیئرز میں کاروبار ہوا، 178 کمپنیوں کے شیئرز کی قیمتوں میں کمی جبکہ 159 کے شیئرز کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔
منگل کے روز مارکیٹ کی بلند ترین سطح 43 ہزار 339 جبکہ کم ترین سطح 43 ہزار 18 رہی۔
دوسری جانب امریکی ڈالر کی قدر میں کمی دیکھنے میں آئی، دن کے آغاز پر انٹر بینک میں ڈالر 15 پیسے مہنگا ہوا اور 199 روپے 21 پیسے پر ٹریڈ کرنے لگا۔
دن کے وسط تک ڈالر کی قیمت میں 35 پیسے کمی ہوئی اور ڈالر 198 روپے 71 پیسے پر پہنچ گیا۔
دن کے اختتام پر انٹر بینک میں ڈالر 60 پیسے سستا ہونے کے بعد 198 روپے 46 پیسے پر اور اوپن مارکیٹ میں 199 روپے 06 پیسے پر بند ہوا۔