کراچی: عید الفطر کی تعطیلات کے بعد سے پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں بدترین مندی کے بعد آج کاروبار میں معمولی طور پر مثبت رجحان دیکھا گیا، تاہم انڈیکس میں 44 ہزار پوائنٹس کی حد بحال نہ ہوسکی۔
تفصیلات کے مطابق کاروباری ہفتے کے آخری روز جمعہ کو پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں مثبت رجحان دیکھا گیا، دن کے آغاز پر 100 انڈیکس میں 197 پوائنٹس کا اضافہ ہوا جس کے بعد انڈیکس 43 ہزار 95 پوائنٹس پر پہنچ گیا۔
بعد ازاں بڑھنے والی پوائنٹس کی تعداد 300 ہوگئی، دن کے وسط تک انڈیکس میں 335 پوائنٹس کا اضافہ ہوا اور انڈیکس 43 ہزار 254 پوائنٹس پر پہنچ گیا۔
دن کے اختتام پر مجموعی طور پر انڈیکس میں 468 پوائنٹس کا اضافہ ہوا جس کے بعد انڈیکس 43 ہزار 367 پوائنٹس پر بند ہوا۔
خیال رہے کہ عید الفطر کی تعطیلات کے بعد پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں بدترین مندی ریکارڈ کی گئی تھی اور 100 انڈیکس 44 ہزار پوائنٹس کی سطح سے نیچے گر گیا تھا۔
کاروباری ہفتے کے پہلے روز 9 مئی سوموار کو 14 سو 20 پوائنٹس کی کمی ہوئی اور 100 انڈیکس 43 ہزار 420 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔