کراچی: پاکستان اسٹاک ایکسچینج تاریخی بلندیوں کو چھونے کے بعد اچانک سے منفی زون میں جانے لگی ہے۔
تفصیلات کے مطابق تاریخی بلندیوں کو چھونے کے بعد اسٹاک مارکیٹ کا دوسرا ہفتہ ہے جس میں وہ شدید مندی کا شکار رہی ہے، رواں کاروباری ہفتے کے تیسرے روز بھی کاروبار کے آغاز پر ہی اسٹاک مارکیٹ میں شدید مندی دیکھنے میں آ رہی ہے۔
بینچ مارک 100 انڈیکس 1419 پوائنٹس کمی کے ساتھ 1 لاکھ 10 ہزار 995 پر ٹریڈ کر رہا ہے، دوران کاروبار 1500 پوائنٹس سے زائد کمی دیکھی گئی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ بڑے انسٹی ٹیوشن منافع کمانے کے لیے میوچل فنڈز فروخت کر رہے ہیں، جس کی وجہ سے مارکیٹ میں مندی دیکھی جا رہی ہے۔
واضح رہے کہ رواں ہفتے کا آغاز امید افزا طور پر ہوا تھا، اور گزشتہ ہفتے کے برعکس اس کاروباری ہفتے کے پہلے دن مارکیٹ میں تیزی دیکھی گئی تھی، اور 100 انڈیکس میں 1 لاکھ 12 ہزار کی حد بحال ہو گئی تھی۔
پاکستان اسٹاک مارکیٹ کے حوالے سے اچھی خبر آ گئی
گزشتہ ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق 100 انڈیکس میں ہفتہ وار 4.19 فی صد گراوٹ کے ساتھ 4788 پوائنٹس کی کمی ہوئی، اور کاروباری ہفتے کے اختتام پر 100 انڈیکس 4788 پوائنٹس کی کمی سے 109513 پر بند ہوا تھا۔
100 انڈیکس کی ہفتہ وار بلند ترین سطح 117039 پوائنٹس ریکارڈ ہوئی، 100 انڈیکس کی ہفتہ وار کم ترین سطح 105601 پوائنٹس رہی، مارکیٹ کیپٹلائزیشن میں ہفتہ وار 629 ارب روپے کی کمی ہوئی، مارکیٹ کیپٹلائزیشن 14587 ارب روپے سے کم ہو کر 13958 ارب روپے ہو گئی۔