11 ستمبر پاکستان کرکٹ کی تاریخ کے سیاہ دنوں میں سے ایک جب روایتی حریف کے خلاف پوری قومی ٹیم 128 رنز پر ڈھیر ہوگئی لیکن اسی روز ٹیم سے دور پاکستانی بیٹر نے سات سمندر پار تنہا 192 رنز کی اننگ کھیل ڈالی۔
ایشیا کپ میں کل روایتی حریفوں کے درمیان پاک بھارت ٹاکرا یکطرفہ رہا اور ناقص بولنگ اور فیلڈنگ کے بعد بیٹنگ میں بدترین کارکردگی کے باعث بھارت کے 357 رنز کے پہاڑ جیسے ہدف کے تعاقب میں قومی ٹیم کے مایہ ناز بیٹز ایسے ہانپے کہ پوری ٹیم 128 رنز پر ڈھیر ہوکر اپنی تاریخی دوسری بدترین شکست سے دوچار ہوئی۔
ایک جانب جہاں سری لنکا کے میدان میں گرین شرٹس کو یہ شرمناک ہزیمت اٹھانا پڑی تو دوسری جانب قومی ٹیم سے دور اوپنر شان مسعود نے اسی روز سات سمندر پار انگلینڈ کی کاؤنٹی میں 192 رنز کی اننگ کھیل ڈالی۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق کاوئنٹی چیمپئن شپ میں یارک شائر کی قیادت کرنے والے پاکستانی اوپنر شان مسعود نے قیادت کا حق ادا کرتے ہوئے کیپٹن اننگ کھیلی تاہم وہ اس کو شاندار ڈبل سنچری میں تبدیل نہ کرسکے اور صرف 8 رنز کی دوری پر 192 رنز پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔
شان مسعود نے گزشتہ سال بھی ڈربی شائر کے لیے دو ڈبل سنچریاں اسکور کی تھیں۔ ان کے 192 رنز کی بدولت ڈربی شائر حریف گلیمورگن کے خلاف 500 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی جس کے جواب میں گلیمورگن کی 6 وکٹیں صرف 150 رنز پر گر چکی تھیں۔