اتوار, ستمبر 8, 2024
اشتہار

پورا یقین ہے پاکستان ٹیم بھارت کو ہرا دے گی، وسیم اکرم

اشتہار

حیرت انگیز

پاکستان کے سابق کپتان وسیم اکرم نے کہا ہے کہ مجھے پاکستان ٹیم پر اعتماد ہے، پورا یقین ہے کہ پاکستان ٹیم بھارت کو ہرا دے گی۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں پاک بھارت ٹاکرے سے قبل پاکستان کے سابق کپتان اور لیجنڈ کرکٹر وسیم اکرم نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی ٹیم میں ٹیلنٹ ہے بھارت کیخلاف میچ جیت سکتی ہے، ہم نے وکٹیں ہاتھ میں رکھنی ہیں، 140 سے زائد ٹارگٹ دینا ہے۔

وسیم اکرم نے کہا کہ پچ بیٹنگ کیلئے اتنی خاص نہیں، پہلے بیٹنگ بھی آتی ہے تو پہلے دو تین اوور میں پچ کا اندازہ لگا لیں۔ بولنگ پہلے آتی ہے توبھارت کی ٹیم کو 120 یا 130 سے زائد رنز نہیں کرنے دینا۔ بھارت کیخلاف میچ جیتیں گے تو پاکستان سپر ایٹ کیلئے کوالیفائی کریگا۔

- Advertisement -

انھوں نے کہا کہ ہمارے فاسٹ بالرز میں قابلیت ہے کسی بھی کھلاڑی کو جلدی آؤٹ کرسکتے ہیں، سب کو پتہ ہے کہ بھارت کی ایک مضبوط ٹیم ہے، یہ بھی سب کو پتہ ہے کہ پاکستان کی ورلڈکپ میں شروعات اچھی نہیں ہوئی۔

سوئنگ کے سلطان نے کہا کہ پاکستان کی ٹیم کو امریکا سے ہار کو بھلانا ہوگا، امریکا کے ساتھ میچ ہوگیا ہے اب آگے بڑھنا چاہیے، اپنی غلطیوں سے سیکھنا چاہیے پاکستان کی ٹیم میں قابلیت ہے۔

وسیم اکرم نے کہا کہ کرکٹ میں کئی مرتبہ انہونی ہوجاتی ہے، کرکٹ میں ہار جیت ہوتی رہتی ہے، امریکی ٹیم نے پورے گیم کو کنٹرول کیا جو میرے لیےحیران کن تھا، پاکستان ٹیم کی پلاننگ اچھی نہیں تھی، امریکا کیخلاف میچ میں لیک آف فٹنس اور لیک آف کمیونی کیشن نظر آئی۔

انھوں نے کہا کہ امریکا کیخلاف اعظم خان کو ہٹر کے طور پر کھلایا گیا، اعظم خان 6 اوور بیٹھا رہا اس لیے وہ پاور پلے سے فائدہ نہیں اٹھا سکا، اعظم خان پر تنقید ہورہی ہے یہ اچھا نہیں ہے، اعظم سے پرفارمنس ہوگی تو ٹیم میں رہے گا۔
وسیم اکرم کا کہنا تھا کہ اعظم خان جیسے ہمارے ہی بچے ہیں کسی پڑوسی ملک کے نہیں، چلیں ٹھیک ہے تنقید کرلی ہے اب آگے بڑھیں۔

سابق کرکٹر نے کہا کہ فخر زمان ہمارا مین پلیئر ہے، اس کو فاسٹ بالر کو فیس کرنا چاہیے تھا، ہمیں پاکستان ٹیم کی سپورٹ کرنی چاہیے تھوڑی محبت کریں، پاکستان ٹیم اور ہمارے کپتان بابر اعظم کو سپورٹ کرتا ہوں، ہمارے دور میں لمبی کرکٹ تھی، ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ نہیں تھا۔

انھوں نے کہا کہ نئے چیئرمین پی سی بی آئے ہیں انھیں چاہیے فرسٹ کلاس اسٹرکچر پر توجہ دیں، سابق کرکٹرز سے درخواست ہے ہماری ٹیموں کی مدد کریں۔

وسیم اکرم نے کہا کہ پی ایس ایل میں لڑکوں سے ملاقات ہوتی ہے، ہمارے شاہینوں کو مدد کی ضرورت ہوگی تو ضرور مدد کرونگا، یہ ہماری ٹیم ہے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں