بدھ, فروری 5, 2025
اشتہار

پاکستان اسرائیلی جیلوں سے رہا فلسطینی قیدیوں کی میزبانی پر آمادہ ہے، حماس

اشتہار

حیرت انگیز

حماس نے پاکستان کو ’بڑا بھائی‘ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسلام آباد غزہ جنگ بندی معاہدے کے تحت اسرائیلی جیلوں سے رہائی پانے والے 15 فلسطینی قیدیوں کی میزبانی پر آمادہ ہے۔

عرب نیوز کی رپورٹ کے مطابق فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس اور اسرائیل کے درمیان 15 ماہ کی طویل جنگ کے بعد چھ ہفتوں پر مشتمل غزہ جنگ بندی معاہدہ ہوا جس میں اسرائیلی افواج کا غزہ سے انخلا، بے گھر فلسطینیوں کی شمالی غزہ میں واپسی، اسرائیلی یرغمالیوں اور فلسطینیوں قیدیوں کا تبادلہ شامل ہے۔

معاہدے کے تحت حماس 33 اسرائیلی یرغمالیوں کو رہا کرے گی جس میں تمام خواتین فوجی اور عام شہری، بچے اور 50 سال سے زیادہ عمر کے مرد شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: غزہ جنگ بندی معاہدے کے دوسرے مرحلے پر بات چیت شروع، حماس کی تصدیق

حماس کے ترجمان ڈاکٹر خالد قدومی نے عرب نیوز کو بتایا کہ اسرائیل نے اب تک تقریباً 180 فلسطینی قیدیوں کو رہا کیا ہے جن میں سے کچھ نے مصر کا سفر کیا ہے، مصر، ترکیہ، الجزائر، ملائیشیا، پاکستان اور انڈونیشیا نے قیدیوں کی میزبانی پر آمادگی ظاہر کی ہے۔

ڈاکٹر خالد قدومی نے کہا کہ ہمیں باضابطہ طور پر پیغام ملا ہے کہ پاکستان نے 15 قیدیوں کو وصول کرنے پر رضامندی ظاہر کی ہے جس کیلیے ہم پاکستانی حکومت، عوام اور اسٹیبلشمنٹ کے تہہ دل سے مشکور ہیں۔

’الحمدللہ، یہ ثابت ہوگیا ہے کہ پاکستان صرف ایک بھائی نہیں بلکہ بڑا بھائی ہے جس کا روحانی تعلق ہمیشہ القدس کے ساتھ رہا ہے۔‘

پاکستان نے اب تک فلسطینی قیدیوں کی میزبانی کے بارے میں سرکاری طور پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔ یہ پیشرفت حماس کے قریبی سمجھے جانے والے فلسطینی خبر رساں ادارے ’قدس پریس‘ کے بعد سامنے آئی ہے جس میں بتایا گیا تھا کہ اسرائیل کی طرف سے رہا کیے گئے 99 فلسطینی قیدیوں کو مصر بھیج دیا گیا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں