اسلام آباد : پاکستان نے گوادر سے خلیجی ممالک تک فیری سروس شروع کرنے کا اعلان کردیا، سروس سے سمندری سفر آسان اور سستا ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر بحری امور جنید انوارچوہدری کی زیر صدارت گوادر پورٹ پر اجلاس ہوا، جس میں انھوں نے کہا کہ گوادر بندرگاہ مکمل طور پر فعال ہوچکی ہے، گوادر سے خلیجی ممالک کیلئے نئی فیری سروس کا آغاز ہوگا۔
جنید انوار چوہدری کا کہنا تھا کہ فیری سروس سے سمندری سفر آسان اور سستا ہوگااور ساتھ ہی خلیجی ممالک کے ساتھ عوامی رابطے مضبوط ہوں گے۔
وفاقی وزیر بحری امور نے کہا کہ گوادر پورٹ سے نئی شپنگ لائنز جلد فعال ہوں گی، جس سے وسط ایشیا اور مشرق وسطیٰ کیساتھ تجارتی روابط مضبوط ہوں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ گوادر سے مال برداری میں نمایاں اضافہ متوقع ہے، فیری سروس سے بلوچستان میں روزگار ،سرمایہ کاری بڑھے گی اور نئی شپنگ لائنز سے بندرگاہوں پر دباؤ کم ہوگا۔
جنید انوار نے مزید کہا کہ میری ٹائم شعبے میں ترقی قومی معیشت کوتقویت دےگی، نجی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کیلئےاقدامات جاری ہیں، گوادر کو تجارتی مرکز بنانے کیلئےہر ممکن اقدام کیا جائے گا۔