ملک بھر میں جاڑے نے دھوم مچا دی ہے، گلگت بلتستان میں برفباری اور پہاڑوں نے سفید چادر اوڑھ لی جبکہ کراچی میں بھی تیز ہواؤں کا راج ہے۔
تفصیلات کے مطابق ملک کے مختلف حصوں میں سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے جب کہ محکمہ موسمیات نے مزید ٹھنڈ بڑھنے کی پیشگوئی کی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں کم سے کم درجہ حرارت 11 ریکارڈ کیا گیا جبکہ رواں ہفتے شہر قائد میں مزید سردی بڑھے گی اور وقفے وقفے سے تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سب سے کم درجہ حرارت لہہ میں منفی 13 ڈگری ریکارڈ کیا گیا، اسکردو منفی 7، کالام منفی 6، گلگت، اسلام آباد منفی ایک، پشاور میں 3، لاہور، ملتان 7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
گلگت بلتستان میں برفباری کے بعد پہاڑوں نے سفید چادر اوڑھ لی، سڑکیں، مکانات اور درخت برف سے ڈھک گئے اس کے علاوہ شمالی بلوچستان بھی شدید سردی کی لپیٹ میں ہے، کوئٹہ میں پارہ منفی 6، قلات اور زیارت میں منفی پانچ تک گر گیا۔