اسلام آباد: ادارہ شماریات نے ماہانہ تجارتی اعداد و شمار جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ 7 ماہ میں پاکستان کا تجارتی خسارہ 15 ارب 78 کروڑ ڈالرز پر پہنچ گیا ہے۔
ادارہ شماریات کے مطابق فروری میں سالانہ اور ماہانہ بنیادوں پر برآمدات میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جنوری کی نسبت فروری میں برآمدات میں 17.35 فی صد کمی ریکارڈ کی گئی۔
فروری میں برآمدات 2 ارب 43 کروڑ 90 لاکھ ڈالرز رہیں، جب کہ جنوری میں برآمدات 2 ارب 95 کروڑ 10 لاکھ ڈالرز تھیں، فروری 2024 کی نسبت رواں سال فروری میں برآمدات میں 5.57 فی صد کمی ہوئی۔
رواں سال فروری میں تجارتی خسارہ 2 ارب 29 کروڑ 90 لاکھ ڈالرز رہا، فروری میں درآمدات کا حجم 4 ارب 73 کروڑ 80 لاکھ ڈالرز رہا، سالانہ بنیادوں پر تجارتی خسارے میں 6.33 فی صد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
جولائی تا فروری درآمدات 37 ارب 80 کروڑ 20 لاکھ ڈالرز رہیں، اس عرصے میں برآمدات کا حجم 22 ارب ڈالرز سے زائد رہا۔