اسلام آباد: پاکستان نے تیونس کو سی پیک کے ثمرات سے فائدہ اٹھانے کی پیش کش کر دی۔
تفصیلات کے مطابق آج پاکستان اور تیونس کے درمیان سیاسی مشاورت کا ورچوئل اجلاس منعقد ہوا، جس میں سیکریٹری خارجہ سہیل محمود نے پاکستان کے وفد کی قیادت کی، جب کہ تیونس کے سفیر محمد علی تقی نے وفد کی قیادت کی۔
پاکستان نے ورچوئل اجلاس میں تیونس کو پاک چین اقتصادی راہ داری کے ثمرات سے فائدہ اٹھانے کی پیش کش کی۔
اجلاس میں پاکستان اور تیونس نے مجموعی معاشی تعلقات کو اپ گریڈ کرنے، اور معاشی تعلقات کو بہترین سیاسی تعلقات کے ہم پلہ بنانے پر اتفاق کیا۔
سیکریٹری خارجہ سہیل محمود نے اجلاس میں کہا پاکستان کی توجہ جیو اکنامکس پر مرکوز ہے، وزیر اعظم عمران خان کی توجہ کا محور امن، ترقی اور روابط کی استواری ہے۔
FS Sohail Mahmood & #Tunisian counterpart Amb. Ali Nafti, held 3rd round of BPC. FS reaffirmed 🇵🇰’s resolve to deepen historic ties, enhance bilateral coop & strengthen coord in multilateral fora. Also briefed on ‘Engage Africa’policy, #AfghanPeaceProcess & situation in #IIOJK. pic.twitter.com/KlbT6IXM5w
— Spokesperson 🇵🇰 MoFA (@ForeignOfficePk) March 17, 2021
سیکریٹری خارجہ نے دونوں ممالک کے درمیان تاریخی روابط کو مزید گہرا کرنے، دو طرفہ تعاون کو بڑھانے اور کثیرالجہتی فورمز پر باہمی رابطے کو مستحکم کرنے کے پاکستان کے عزم کو دہرایا۔
سہیل محمود نے کہا کہ انگیج افریقا کا اقدام سیاسی و معاشی روابط کے فروغ کے لیے ہے۔
واضح رہے کہ انگیج افریقا پالیسی کے تحت پاکستان تمام افریقی ممالک کے ساتھ اپنے تعلقات کو مضبوط بنانا چاہتا ہے، پاکستان نے فیصلہ کیا ہے کہ افریقی ممالک میں اپنے سفارتی مشنز میں اضافہ کرے گا، اس سلسلے میں افریقی خطے کی بڑھتی ہوئی معاشی اور سیاسی اہمیت کی وجہ سے جبوتی میں پاکستان کا سفارت خانہ بھی کھولا جا رہا ہے۔