جمعرات, دسمبر 12, 2024
اشتہار

پاکستان، ترکی، آذربائیجان سہ ملکی مذاکرات باقاعدگی سے منعقد کرانے پر متفق

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: پاکستان، ترکی اور آذربائیجان نے سہ ملکی مذاکرات باقاعدگی سے منعقد کرانے پر اتفاق کر لیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان، ترکی اور آذربائیجان کے درمیان دوسرے سہ ملکی مذاکرات کے بعد تینوں ملکوں کے وزرائے خارجہ نے مشترکہ نیوز کانفرنس کی، جس میں انھوں نے کہا کہ سہ ملکی مذاکرات تسلسل سے جاری رکھنے کے لیے تینوں ممالک پُر عزم ہیں۔

وزیر خارجہ شاہ محمود نے کہا کہ ہم ترکی اور آذربائیجان کے وزرائے خارجہ کی میزبانی پر انتہائی خوش ہیں، پاکستان اور کشمیری عوام اور مسئلہ کشمیر کی مکمل حمایت پر ہم مشکور ہیں، تینوں ممالک امن و استحکام اور خطے کی ترقی چاہتے ہیں۔

- Advertisement -

شاہ محمود قریشی نے کہا مذاکرات میں بہت سے موضوعات پر کھل کر بات چیت ہوئی، تجارت، سرمایہ کاری، سیکیورٹی، اسٹریٹجک پولیٹیکل تعاون، عالمی و علاقائی سلامتی کے امور پر بات ہوئی، مقبوضہ کشمیر میں انسانیت کے خلاف مظالم اور اسلاموفوبیا پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔

انھوں نے کہا مذاکرات میں کرونا سے پیدا صورت حال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، اکانومی ٹریڈ انرجی کلچر کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بات ہوئی، پارلیمانی تبادلے، میڈیا انٹر ایکشن اور ٹورازم کو مذکور کیا گیا، مذاکرات میں افغان مفاہمتی عمل میں پاکستان کے کردار کو سراہا گیا۔

شاہ محمود نے کہا ہم ترکی اور آذربائیجان کے کشمیر تنازع پر حمایت کے لیے شکرگزار ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم اور ڈیموگرافک تبدیلیوں پر ترکی اور آذربائیجان کے وزرائے خارجہ کو اعتماد میں لیا گیا۔

ترک وزیر خارجہ میولت چاؤش اوغلو نے نیوز کانفرنس میں کہا کہ سہ ملکی مذاکرات کا تیسرا دور ترکی میں ہوگا، برادر ملک پاکستان کے دورے پر بہت مسرت ہے، مذاکرات کی کامیابی اور شان دار انعقاد پر پاکستان کے مشکور ہیں، ہلال پاکستان کا اعزاز ملنا بھائی چارے کا مظہر ہے، تینوں ملکوں میں تجارتی حجم بڑھانے کی ضرورت ہے۔

ترک وزیر خارجہ نے کہا ہم نے سیکیورٹی، استحکام، خوش حالی کو فروغ دینے پر اتفاق کیا، اس سلسلے میں تعاون جاری رکھیں گے، پاکستان اور ترکی ایک دوسرے کو سپورٹ کرتے ہیں، وزیر اعظم عمران خان سے بھی تفصیلی بات ہوئی، تجارت بڑھانے کے روڈ میپ پر اقدامات کی ضرورت ہے، اب سہ فریقی اجلاس زیادہ باقاعدگی سے بلایا جائے گا۔

انھوں نے کہا ترکی کشمیر کے مسئلے پر کسی بھی یک طرفہ اقدامات کے خلاف ہے، کشمیری بھائیوں سے دلی اظہار یک جہتی کرتے ہیں، یو این قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کا حل چاہتے ہیں۔

آذربائیجان کے وزیر خارجہ جیہون بیراموف نے پاکستان اور ترکی کو آذربائیجان کے آزاد علاقوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دی، اور کہا پاکستان آمد پر بہت خوش ہوں، کاراباخ پر پاکستان اور ترکی کی کھل کر حمایت کو سراہتے ہیں، ہم تینوں ممالک کی مشترکہ قدر مذہب اور ثقافت ہے۔

قبل ازیں، وزارتِ خارجہ میں پاکستان اور ترکی کے مابین تعلیمی شعبے میں دو طرفہ تعاون کے فروغ کے حوالے سے ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط بھی کیے گئے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں