اسلام آباد: وفاقی دار الحکومت میں منعقدہ پاکستان علما کونسل کی کانفرنس کے اختتام پر جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ کسی جماعت کو ختمِ نبوت کے نام پر سیاست نہیں کرنے دی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان علما کونسل نے کہا ہے کہ توہینِ رسالت روکنے کے لیے ہر حد تک جائیں گے، کسی جماعت کو ختمِ نبوت کے نام پر سیاست نہیں کرنے دیں گے۔
پاکستان علما کونسل نے اعلامیے میں کہا ہے کہ ہم ہر قسم کی دہشت گردی کی مذمت کرتے ہیں، سپہ سالار اور فرقوں کے خلاف پروپیگنڈا کرنے والے ملک دشمن ہیں۔
پاکستان علما کونسل کی کانفرنس میں علما نے افغان امن عمل کے لیے پاکستان کی کوششوں کو بھی سراہا۔
یہ بھی پڑھیں: طاہر محمود اشرفی کے اکاؤنٹس میں مشتبہ ٹرانزکشن، ایف آئی اے نے طلب کرلیا
یاد رہے کہ گزشتہ ماہ کے آغاز میں چیئرمین پاکستان علما کونسل حافظ محمد طاہر اشرفی نے تحریکِ انصاف کی حکومت سے مکمل تعاون کا اعلان کیا تھا۔ طاہر اشرفی کا کہنا تھا کہ وزیرِ اعظم عمران خان کی نیت پر شک نہیں، موجودہ حکومت ملک کو بحرانوں سے نکالنے کے لیے عملی اقدامات اٹھا رہی ہے۔
حافظ طاہر اشرفی کا کہنا تھا کہ 70 سالوں کی مہنگائی 70 دنوں میں ختم نہیں ہو سکتی اس کے لیے وقت درکا ر ہے۔