ابوظہبی: پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز کا تیسرا میچ کل ابوظہبی میں کھیلا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ون ڈے سیریز کا تیسرا میچ کل شیخ زید کرکٹ اسٹیدیم ابوظہبی میں کھیلا جائے گا، میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام 4 بجے شروع ہوگا۔
مہمان ٹیم آسٹریلیا کو پاکستان کے خلاف پانچ ون ڈے میچوں کی سیریز میں 0-2 کی برتری حاصل ہے۔
پاکستان ٹیم کا باؤلنگ اٹیک ابتدائی دو ون ڈے میچوں میں بری طرح ناکام رہا، کینگروز نے دونوں میچ 8،8 وکٹوں سے اپنے نام کیے۔
آسٹریلیا کے خلاف تیسرے ون ڈے میں محمد عباس اور یاسر شاہ کو ڈراپ کرکے جنید خان اور عثمان شنواری کو موقع دیے جانے کا امکان ہے۔
آل راؤنڈر فہیم اشرف کی جگہ پاکستان سے فاسٹ باؤلر وہاب ریاض کو طلب کیے جانے کا امکان ہے۔
اس سے قبل دوسرے ون ڈے میچ میں آسٹریلیا کے فاسٹ باؤلر جھائے رچرڈسن زخمی ہوکر سیریز سے باہر ہوگئے تھے، ان کی ورلڈکپ میں بھی شرکت مشکوک ہوگئی ہے۔
فہیم اشرف آسٹریلیا کے خلاف سیریز کے بقیہ تین میچز سے باہر
یاد رہے کہ 24 مارچ کو پاکستان کرکٹ بورڈ نے فہیم اشرف کو آسٹریلیا کے خلاف بقیہ تین ون ڈے میچز میں آرام کرانے کا فیصلہ کیا تھا، فیصلہ ورلڈ کپ سے قبل اہم کھلاڑیوں کو آرام دینے کے لیے کیا گیا۔