لاہور: پاکستان نے بنگلادیش کو پہلے ٹی 20 میچ میں 37 رنز سے شکست دے دی۔
قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پہلے ٹی 20 میچ بنگلادیش کی ٹیم پاکستان کی جانب سے دیے گئے 202 رنز کے تعاقب میں 19.2 اوورز میں 164 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
کپتان لٹن داس کی 48 رنز کی اننگز رائیگاں گئی، ذاکر علی نے 36 رنز بنائے، تنزید حسین 31 رنز بنا کر حسن علی کا شکار بنے۔
توحید ہردوئے 17 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، رشاد حسین 4 رنز بنا کر شاداب خان کو وکٹ دے بیٹھے۔
پاکستان کی جانب سے حسن علی نے پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، شاداب خان نے دو، خوشدل شاہ، سلمان آغا اور فہیم اشرف نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل پاکستان نے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 201 رنز بنائے اور بنگلادیش کو جیت کے لیے 202 رنز کا ہدف دیا تھا۔
کپتان سلمان علی آغا نے 56 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، شاداب خان 48 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، حسن نواز نے 22 گیندوں پر 44 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔
محمد حارث 31 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، فخر زمان ایک اور صائم ایوب بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔
بنگلادیش کی جانب سے مہدی حسن، شرف السلام، رشاد حسین اور حسن محمود نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
اس سے قبل کپتان سلمان علی آغا نے ٹاس جیت کر بنگلادیش کو پہلے بولنگ کی دعوت دی تھی۔
سلمان علی آغا نے کہا کہ بڑا ٹوٹل اسکور کرنے کی کوشش کریں گے، 11 کھلاڑیوں کا انتخاب کرنا بہت مشکل فیصلہ تھا۔
انہوں نے کہا کہ تمام کھلاڑیوں نے پی ایس ایل میں شاندار پرفارمنس دی ہے، ہمارا پلان یہی ہے کہ ماڈرن کرکٹ کھیلیں، کھلاڑیوں سے یہی توقع ہے کہ اپنی بہترین پرفارمنس دیں۔
بنگلادیش کے کپتان لٹن داس نے کہا کہ یو اے ای کے خلاف سیریز میکں اچھا کھیلے مگر جیت نہیں سکے، بیٹنگ اور بولنگ میں اچھا پرفارم کرنا ہوگا۔
پاکستان پلیئنگ الیون
پاکستان کی ٹیم میں فخر زمان، صائم ایوب، محمد حارث، حسن نواز، سلمان علی آغا، شاداب خان، خوشدل شاہ، فہیم اشرف، حسن علی، حارث رؤف اور ابرار احمد شامل ہیں۔
View this post on Instagram