کارڈف: پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان کھیلا جانے والا دوسرا وارم اپ میچ بارش کے باعث منسوخ کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق ورلڈ کپ سے قبل ٹیموں کے درمیان وارم اپ میچز کھیلے جارہے ہیں اور اس سلسلے میں پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان وارم اپ میچ کھیلا جانا تھا جسے بارش کے باعث منسوخ کردیا گیا ہے۔
کارڈف میں بنگلہ دیش کے خلاف کھیلے جانے والے میچ کا ٹاس پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر دو بجے ہونا تھا تاہم بوندا باندی کے باعث ٹاس بھی نہیں ہوسکا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل کھیلے جانے والے پہلے وارم اپ میچ میں افغانستان نے پاکستان کو 3 وکٹوں سے شکست دی تھی۔
مزید پڑھیں: وارم اپ میچ، افغانستان نے پاکستان کو 3 وکٹوں سے شکست دے دی
وارم اپ میچ میں افغانستان نے پاکستان کی جانب سے دیا جانے والا 263 رنز کا ہدف 7 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا تھا، عماد وسیم نے دو وکٹیں حاصل کی تھیں۔
پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا اور پوری ٹیم 47.5 اوورز میں 262 رنز بنا کر آل آؤٹ ہوگئی، بابر اعظم کی 112 رنز کی اننگز بھی رائیگاں چلی گئی تھیں۔
یاد رہے کہ ورلڈ کپ کا آغاز 30 مئی سے میزبان انگلینڈ اور جنوبی افریقا کے خلاف میچ سے ہوگا جبکہ قومی ٹیم اپنا پہلا میچ 31 مئی کو ویسٹ انڈیز کے خلاف کھیلے گی۔