سڈنی: پاکستان اور آسٹریلیا الیون کے درمیان پہلا پریکٹس میچ آج سڈنی میں کھیلا جائے گا، قومی کرکٹ ٹیم کی قیادت بابراعظم کر رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے دورہ آسٹریلیا کا پہلا پریکٹس میچ آج سڈنی میں کھیلا جائے گا، میچ پاکستانی وقت کے مطابق صبح ساڑھے آٹھ بجے شروع ہوگا۔
بابراعظم کی قیادت میں قومی کرکٹ ٹیم آسٹریلیا الیون کے خلاف میدان میں اترے گی، کھلاڑی جیت کے لیے پرعزم ہیں۔
قومی کرکٹ ٹیم نے گزشتہ روز ایس جی سی گراؤنڈ سڈنی میں ہیڈکوچ مصباح الحق اور باؤلنگ کوچ وقار یونس کی زیرنگرانی پریکٹس سیشن میں شرکت کی۔
ہیڈ کوچ مصباح الحق کا کہنا تھا کہ کپتان کی بطور کھلاڑی کارکردگی اہم ہوتی ہے، بابراعظم اور اظہر علی کو پہلے اپنی بیٹنگ پر فوکس کرنا چاہیے۔
مصباح الحق کا مزید کہنا تھا کہ ہر کھلاڑی کو اپنے رول کا علم ہے، آسٹریلیا کی کنڈیشنز میں کھیلنا ایک چیلنج ہے۔
ٹی ٹوینٹی ٹیم کی قیادت بابر اعظم کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں فخر زمان، آصف علی، حارث سہیل، افتخار احمد، عماد وسیم، امام الحق، خوش دل شاہ، محمد عامر، محمد حسنین، محمد عرفان، محمد رضوان، موسیٰ خان، شاداب خان، عثمان قادر اور وہاب ریاض شامل ہیں۔
پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پہلا ٹی ٹوینٹی 3 نومبر کو کھیلا جائے گا جبکہ دوسرا 5 نومبرکو کنبیرا اور تیسرا 8 نومبر کو پرتھ میں کھیلا جائے گا۔
قومی کرکٹ ٹیم ٹی ٹوینٹی سیریز کے بعد 2 میچز پر مشتمل ٹیسٹ سیریز بھی کھیلی گی جس کی قیادت اظہر علی کریں گے۔