ساؤتھمپٹن: میزبان ٹیم انگلینڈ نے دوسرے ٹیسٹ میچ میں پاکستان کے خلاف پہلی اننگز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 7 رنز بنا لیے۔
تفصیلات کے مطابق ساؤتھمپٹن میں جاری ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز انگلینڈ کی ٹیم نے پہلی اننگز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 7 رنز بنا لیے۔روری برنز بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔شاہین شاہ آفریدی نے روی برنز کو آؤٹ کیا۔
انگلینڈ اور پاکستان کے درمیان دوسرے ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز کا کھیل خراب روشنی کے باعث روک دیا گیا۔محکمہ موسمیات کے مطابق ساؤتھمپٹن ٹیسٹ کا چوتھا روز بھی بارش سے متاثر ہونے کا امکان ہے۔
اس سے قبل ساؤتھمپٹن میں جاری ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز قومی ٹیم نے کھیل کا آغاز کیا تو ٹیم نے 9 وکٹوں کے نقصان پر 223 رنز بنائے تھے،وکٹ کیپر محمد رضوان 60 اور نسیم شاہ ایک رن کے ساتھ کریز پر موجود تھے۔
محمد رضوان نے کھیل کے آغاز سے ہی جارحانہ انداز میں بیٹنگ کی اور اپنے اسکور میں 12 رنز کا اضافہ کرنے کے بعد وہ اسٹیورٹ براڈ کے گیند پر آؤٹ ہوئے۔
قومی کرکٹ ٹیم کی جانب سے محمد رضوان 72، عابد علی 60، بابر اعظم 47 اور کپتان اظہر علی نے 20 رنز کی اننگز کھیلیں۔
میزبان ٹیم انگلینڈ کی جانب سے اسٹیورٹ براڈ نے 4 جبکہ جیمز اینڈرسن نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
ساؤتھمپٹن ٹیسٹ: تیسرے دن کا کھیل بارش کی نذر
یاد رہے کہ گزشتہ روز پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ساؤتھمپٹن میں کھیلے جانے والے دوسرے ٹیسٹ کے تیسرے دن کا کھیل خراب موسم اور بارش کے باعث شروع نہیں ہوسکا تھا۔