لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاک انگلینڈ خواتین کرکٹ ٹیموں کے درمیان سیریز کے شیڈول کا اعلان کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کی جانب سے انگلینڈ خواتین کرکٹ ٹیم کے خلاف سیریز کے شیڈول کا اعلان کردیا گیا۔ انگلینڈ کے خلاف سیریز 3 ون ڈے میچز اور 3 ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل ہے۔
پاکستان اور انگلینڈ کی خواتین کرکٹ ٹیموں کے درمیان سیریز ملائیشیا میں کھیلی جائے گی۔ ون ڈے میچ 9، 12 اور 14 دسمبر کو کھیلے جائیں گے جبکہ 3 ٹی ٹوئنٹی میچز 17، 19 اور 20 دسمبر کو کھیلے جائیں گے۔
مذکورہ سیریز کے ون ڈے میچز آئی سی سی ویمن چیمپئن شپ کا حصہ ہیں۔
بسمہ معروف کپتان برقرار
سیریز کے شیڈول کے اعلان سے قبل بسمہ معروف کو قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی کپتان برقرار رکھنے کا اعلان کیا گیا تھا جبکہ اقبال امام کو خواتین کرکٹ ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کیا گیا ہے۔
بسمہ معروف اور اقبال امام کی تقرری آئندہ برس ٹی 20 ورلڈ کپ تک ہے۔ اس موقع پر بسمہ معروف کا کہنا تھا کہ قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی قیادت کرنا اعزاز کی بات ہے۔
ہیڈ کوچ اقبال امام نے اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ قومی خواتین کرکٹ ٹیم کا ہیڈ کوچ بننے پر بہت خوش ہوں۔
دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو کا کہنا ہے کہ امید ہے قومی ٹیم اب ترقی کی جانب گامزن ہوگی۔