ابوظہبی : پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ آج ابوظہبی میں کھیلا جائے گا، دونوں ٹیمیں جیت کے لیے پُرعزم ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ آج کھیلا جائے گا، میچ پاکستانی وقت کے مطابق رات نو بجے شروع ہوگا۔
قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کی قیادت میں مسلسل 10ویں سیریز جیتنے والی پاکستانی ٹیم پانچویں پوزیشن کی ٹیم نیوزی لینڈ کے خلاف میدان میں اترے گی۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز آسان نہیں ہوگی تاہم جیت کے تسلسل کو برقرار رکھنے کی کوشش کریں گے۔
قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان کا کہنا تھا کہ اوپنرفخرزمان ان فٹ ہیں، گھٹنے کی تکلیف میں مبتلا ہیں جب وہ مکمل فٹ ہوں گے تو میچ کھیلیں گے۔
سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ آسٹریلیا کی ٹیم اچھی تھی مگر نیوزی لینڈ کی ٹیم میں جارحانہ بیٹنگ کرنے والے کھلاڑی شامل ہیں۔
دوسری جانب نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن کا کہنا تھا کہ پاکستان کی ٹیم ٹی ٹوئنٹی کی نمبرون ٹیم ہے۔
پاکستان نے ٹی ٹوئنٹی سیریز میں آسٹریلیا کو وائٹ واش کردیا
واضح رہے کہ 29 اکتوبرکو پاکستان نے آسٹریلیا کو تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں 33 رنز سے شکست دے کروائٹ واش کردیا تھا۔