منگل, مئی 13, 2025
اشتہار

کیپ ٹاؤن ٹیسٹ، پاکستانی ٹیم 177 رنز پر ڈھیر، جنوبی افریقہ نے 2 وکٹوں پر 123 رنز بنالیے

اشتہار

حیرت انگیز

کیپ ٹاؤن: پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان جاری دوسرے ٹیسٹ میچ کے پہلے روز پاکستانی ٹیم 177 رنز پر ڈھیر ہوگئی، دن کے اختتام پر جنوبی افریقہ نے 2 وکٹوں پر 123 رنز بنالیے۔

تفصیلات کے مطابق کیپ ٹاؤن ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں پاکستانی ٹیم 177 رنز پر ڈھیر ہوگئی، جنوبی افریقہ نے 2 وکٹوں کے نقصان پر 123 رنز بنالیے، جنوبی افریقہ کو پاکستان کی برتری ختم کرنے کے لیے مزید 54 رنز درکار ہیں۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے مرکرام نے شاندار 78 رنز کی اننگز کھیلی انہیں شان مسعود نے بولڈ کیا، ڈین ایلگر 20 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، ہاشم آملہ 24 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔

پاکستان کی جانب سے محمد عامر اور شان مسعود نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی، محمد عباس 9 اوورز میں 45 رنز دے کر کوئی وکٹ حاصل نہیں کرسکے۔

قبل ازیں جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تو پاکستان کے اوپنرز دوسرے ٹیسٹ میچ میں بھی ناکام ثابت ہوئے، امام الحق 8 اور فخر زمان 1 رن بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

اظہر علی 2 رنز بنا اولیویئر کی گیند پر آملہ کو کیچ دے بیٹھے، بابر اعظم صرف 2 رنز بناسکے، اسد شفیق 20 رنز بنا کر اولیویئر کی گیند پر ایلگر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔

پاکستان کی جانب سے کپتان سرفراز احمد نے نصف سنچری اسکور کی، کپتان نے 56 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی، شان مسعود 44 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، محمد عامر 22 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

جنوبی افریقہ کے فاسٹ بولر اولیویئر نے 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، ڈیل اسٹین نے تین، ربادا نے 2 اور فلینڈر نے ایک وکٹ حاصل کی۔

نیولینڈز کیپٹ ٹاؤن میں پاکستان کا ریکارڈ اچھا نہیں ہے اس گراؤنڈ پر دونوں ٹیموں کے درمیان تین ٹیسٹ میچ کھیلے گئے اور تینوں میں جنوبی افریقہ نے پاکستان کو شکست دی۔

پاکستان کو اس گراؤنڈ میں 2003 میں اننگز اور 142 رنز، 2007 میں پانچ وکٹوں اور 2013 میں 4 وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا گزشتہ روز کیپ ٹاؤن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ہماری بیٹنگ اگر زیادہ رنز بنا دیتی ہے تو ہمارے باؤلرز ہدف کا دفاع کرسکتے ہیں۔

سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ کیپ ٹاؤن کی وکٹ کو دیکھ کر لگ رہا ہے اس میں یاسر شاہ کو مدد ملے گی اور ہم ایک اسپنرکے علاوہ تین فاسٹ باؤلرز کو بھی شامل کریں گے

سرفراز احمد نے کہا کہ کیپ ٹاؤن کی وکٹ کو دیکھ کر لگ رہا ہے اس میں یاسرشاہ کو مدد ملےگی اور ہم ایک اسپنر کے علاوہ 3 فاسٹ باؤلرز کو بھی شامل کریں گے۔

یاد رہے کہ جنوبی افریقہ نے پہلے ٹیسٹ میچ میں 6 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی تھی اور ان کی اس جیت میں 11 وکٹیں لے کر مرکزی کردار ڈوئن اولیوئیر نے ادا کیا تھا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں