ملتان ٹیسٹ کے دوسرے روز ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلی اننگز میں پاکستان کی پوری ٹیم 230 رنز پر پویلین لوٹ گئی، جس کے بعد پاکستان کے نعمان علی اور ساجد خان نے شاندار بالنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے مہمان ٹیم کو صرف 137 رنز پر پویلین روانہ کردیا۔
ملتان ٹیسٹ کے دوسرے روز پہلے سیشن میں پاکستان کے آؤٹ ہونے کے بعد ویسٹ انڈیز نے بیٹنگ شروع کی تو پاکستانی بالرز شروع سے چھائے رہے اور مہمان ٹیم کو دباؤ میں رکھا۔
ساجد خان نے مہمان ٹیم کے 4 کھلاڑیوں کو شروع میں ہی آؤٹ کردیا، انہوں نے میکائیل لوئس کو ایک، کیاسی کارٹی کو صفر،کریک براتھویٹ کو 11 اور کیون ہوج کو 4 رنز پر آؤٹ کیا۔
ساجد خان کے بعد نعمان علی نے ویسٹ انڈیز بیٹرز کی درگت بنائی اور 5 وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئے۔
ویسٹ انڈیز کی پانچویں وکٹ 34 رنز کے مجموعے پر گری اور نعمان علی نے جسٹن گریویس کو 4 رنز پر چلتا کیا جس کے بعد نعمان علی نے ٹریون املیچ اور ایلک ایتھنیز کو 6،6 جب کہ کلیون سنکلر کو 11 رنز پر پویلن بھیجا۔
نعمان علی نے گداکیش موتی کو 19 رنز پر آؤٹ کرکے پانچویں وکٹ لی۔
137 کے مجموعے پر آخری وکٹ ابرار احمد نے لی جنہوں نے جیڈن سیلز کو 22 رنز پر آؤٹ کیا۔پاکستان نے ملتان ٹیسٹ میں پہلی اننگزمیں 93 رنزکی برتری حاصل کرلی۔
واضح رہے کہ پاکستان کو ویسٹ انڈیز سے ٹیسٹ سیریز جیتے تقریباً 8 سال گزر گئے ہیں۔ دونوں ٹیموں کے درمیان آخری ٹیسٹ سیریز ایک ایک سے برابر رہی تھی۔
تاہم پاکستان کی سر زمین پر ویسٹ انڈیز کا ریکارڈ خراب ہے۔ دنوں ٹیموں کے درمیان سات ٹیسٹ سیریز ہوئیں جس میں صرف ایک بار 1980 میں کامیابی ملی۔
ویسٹ انڈیز نے پاکستان کی سر زمین پر 21 میچز کھیل رکھے ہیں۔ ان میں سے صرف چار میں فتح حاصل ہوئی اور 9 میں ہار کو گلے لگایا۔ 8 میچز ڈرا رہے۔