کراچی : ویسٹ انڈیز کے خلاف تین ٹیسٹ میچز کی سیریز کیلئے قومی ٹیم کا اعلان آج کیا جائے گا۔
ویسٹ انڈیز سے سیریز میں کون اِن ہوگا اور کون آؤٹ ہوگا ، اسکواڈ فائنل ہوگیا ہے، چیف سلیکٹرز انضمام الحق آج نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں پریس کانفرنس میں قومی ٹیم کا اعلان کریں گے، انگلینڈ کا دورہ کرنے والی ٹیم سے کچھ کھلاڑیوں کی چھٹی ہوگی۔ وارم اپ میچ میں ناکام ہونے والے پروفیسر حفیظ کی چھٹی یقینی ہے۔
مسلسل 3سنچریاں بنانے والے نوجوان کھلاڑی بابر اعظم کی حالیہ پرفارمنس نے سلیکٹرز کو متاثر کردیا، بابر اعظم کی پہلی بار ٹیسٹ اسکواڈ میں شمولیت کا امکان ہے۔
لیفٹ آرم اسپنر محمد نواز کے نام پر بھی غور کیا گیا ہے، یونس خان پہلے ٹیسٹ کیلئے دستیاب نہیں ہوں گے، محمد عامر کی والدہ کی طبیعت ناساز ہے۔ ان کی شرکت دستیابی سے مشروط ہوگی۔
دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا آغاز تیرہ اکتوبر سے دبئی میں کھیلے جانے والے ڈے نائٹ ٹیسٹ میچ سے ہوگا، سیریز کا دوسرا پانچ روزہ میچ 21 سے 25 تاریخ تک ابوظبی میں ہوگا جبکہ آخری ٹیسٹ 30 اکتوبر سے3 نومبر تک شارجہ میں ہوگا۔
واضح رہے کہ ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے میں پاکستان نے ویسٹ انڈیز کیا تھا۔