ملتان: وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ افغانستان کے مسئلے کا عسکری حل نہیں ہے، افغان امن کے لیے پاکستان جو کچھ کرسکتا ہے وہ کر رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان افغانستان میں مکمل امن چاہتا ہے، افغانستان کے مسئلے کا عسکری حل نہیں ہے۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ افغان مسئلے کے حل کے لیے پاکستان تعمیری کردار ادا کر رہا ہے، پاکستان افغانستان کا تجارتی شراکت دار ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان افغان امن کے لیے معاونت فراہم کر رہا ہے، افغانستان کے مذاکرات سے متعلق ہمیں اعتماد میں لیا گیا۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ افغانستان کی طرف سے کئی دفعہ تندوتیز جملے آتے رہے، افغانستان کی جانب سے بے جا نقطہ چینی پر بھی سخت ردعمل نہیں دیا، ہم سازگار ماحول کے خواہش مند ہیں۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ سوئٹزرلینڈ کی حکومت کے ساتھ معاہدہ اہم پیشرفت ہے، کوئی جائز طریقےسے پیسہ باہر لے گیا تو اس پر کوئی اعتراض نہیں ہے۔
زلمے خلیل زاد کی افغانستان میں قیام امن کیلئے پاکستان کے مصالحانہ کردار کی تعریف
اس سے قبل آج امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد وزارت خارجہ پہنچے، جہاں انہوں نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی۔ ملاقات میں افغان امن عمل سمیت خطے میں امن کی مجموعی صورت حال پرتبادلہ خیال کیا گیا۔
زلمے خلیل زاد نے افغان طالبان اور امریکا کے وفود کی سطح پر مذاکرات سے آگاہ کیا اور افغانستان میں قیام امن کے لیے پاکستان کے مصالحانہ کردار کی تعریف کی۔