نیویارک: اقوام متحدہ میں پاکستان کی سفیر ملیحہ لودھی نے کہا ہے کہ خطے میں قیام امن کے لیے پاکستان کلیدی کردار ادا کر رہا ہے، شاہ محمود قریشی یواین امن اجلاس میں پاکستان کا موقف پیش کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی اقوام متحدہ کے امن اجلاس میں شرکت سے متعلق ملیحہ لودھی کا کہنا تھا کہ وزیرخارجہ یواین امن اجلاس میں شرکت کریں گے اور علاقائی صورت حال پر اپنے ملک کا موقف سامنے رکھیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی کی امریکا میں 40 سے زائد میٹنگز بھی ہیں۔
وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی واشنگٹن پہنچ گئے
دوسری جانب واشنگٹن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ حکومت نے خطے کی ترقی کے لیے بھارت سے مذاکرات کی کوشش کی، دیکھنا ہوگا امن کی بات کون کر رہا ہے اور کون فرار کے راستے پر ہے۔
وزیرخارجہ 26 ستمبر کو سارک وزراء خارجہ کونسل کے اجلاس میں بھی شرکت کریں گے اور 29 ستمبرکو پاکستانی وزیرخارجہ نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں خطاب کریں گے۔
بھارت خیالی راگ چھوڑ کر حقیقت کی دنیا میں آئے، وزیرِ خارجہ
واضح رہے کہ اقوام متحدہ کے جنرل اسمبلی کے اجلاس کی سائیڈ لائنز پرپاکستان اور بھارت کے وزرائے خارجہ کی ملاقات متوقع تھی لیکن بھارت نے وزرائے خارجہ کے درمیان ملاقات کی حامی بھرنے کے بعد ملاقات منسوخ کردی تھی۔