پاکستان نے سلطنت عمان میں ہونے والے ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات کا خیرمقدم کیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ مذاکرات اور سفارتکاری سےخطے میں امن و استحکام بڑھےگا جب کہ اختلافات کا حل بات چیت اور باہمی احترام سے ممکن ہے۔
بیان کے مطابق عمان کو مذاکرات کی میزبانی پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں سفارتکاری ہی مسائل کا پائیدارحل ہے۔
ایران امریکا مذاکرات تقریباً ڈھائی گھنٹے تک جاری رہے اور دونوں فریقوں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ بات چیت اگلے ہفتے جاری رہے گی، مذاکرات کا اگلا دور 19 اپریل کو ہونے کا امکان ہے۔
الجزیرہ کے مطابق مذاکرات علیحدہ کمروں میں ہوئے، دونوں وفود الگ الگ کمروں میں بیٹھے رہے، جب کہ عمانی حکام نے وفود کے درمیان پیغام رسانی کا فریضہ انجام دیا، مذاکرات کے اختتام پر عمانی وزیر خارجہ کی موجودگی میں عباس عراقچی اور اسٹیو وٹکوف نے چند منٹ تک آمنے سامنے بھی بات کی۔
ایرانی وفد کے سربراہ نے کہا کہ مذاکرات کا اگلا دور ہو سکتا ہے کہ ایک ہفتے بعد ہو، اور امکان ہے کہ یہ عمان میں نہ ہوں، تاہم مذاکرات عمان کی ثالثی ہی میں ہوں گے، انھوں نے کہا دونوں فریق بے نتیجہ مذاکرات نہیں کرنا چاہتے، جس سے وقت کا ضیاع ہو۔