اسلام آباد: وزارت صحت اور عالمی ادارہ صحت کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کرلیے گئے۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا ہے کہ پاکستان عالمی ادارہ صحت کی یونٹی اسٹڈی کا حصہ ہوگا، جولائی کے آخر تک پاکستان میں کرونا کے حوالے سے یونٹی اسٹڈی کے نتائج حاصل ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ یونٹی اسٹڈی کے نتائج پر ہی آئندہ کا پلان اور پالیسیاں اپنائی جائیں گی۔
ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا ہے کہ نیشنل کنٹرول اینڈ کمانڈ سینٹر (این سی او سی) میں روزانہ کی بنیاد پر صورت حال کا جائزہ لیا جارہا ہے، کرونا کے پھیلاؤ سے متعلق اعداد و شمار اکٹھے کیے جارہے ہیں۔
دوسری جانب عالمی ادارہ صحت کا کہنا ہے کہ یونٹی اسٹڈی پاکستان کے لیے بہت مفید ثابت ہوگی۔
#Live: SAPM on Health @zfrmrza expressing his views in Islamabad https://t.co/SqYt27v0y4
— Radio Pakistan (@RadioPakistan) June 17, 2020
واضح رہے کہ اس سے قبل ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا تھا کہ عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے کرونا مریضوں کے لیے ڈیکسا میتھاسون کو خوش آئند کہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ برطانیہ میں کرونا وائرس کے انفیکشن میں مبتلا مریضوں میں ڈیکسا میتھاسون سے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں، یہ کرونا کے خلاف پہلا علاج ہے جس نے کرونا مریضوں میں اموات کی شرح کو کم کیا۔
ظفر مرزا کا کہنا تھا کہ اس دوا کے استعمال سے کرونا سے اموات میں کمی ہوگی، تاہم پاکستان میں ایکسپرٹ کمیٹی اس دوا کے استعمال پر غور کرے گی، یہ پرانی اور سستی دوا ہے، جس کے پاکستان میں متعدد پروڈیوسرز ہیں۔