پاکستان نے زمبابوے کو دوسرے ٹی 20 میچ میں 10 وکٹوں سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 2-0 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی۔
بلاوائیو میں کھیلے گئے دوسرے ٹی 20 میچ میں پاکستان نے زمبابوے کی جانب سے دیا جانے والا 58 رنز کا ہدف 5.3 اوورز میں بغیر کسی نقصان کے حاصل کرلیا۔
صائم ایوب نے 18 گیندوں پر 36 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی، ان کی اننگ میں 6 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا، عمیر بن یوسف بھی 15 گیندوں پر 22 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ ہوئے۔
زمبابوے کا کوئی بھی بولر پاکستانی بیٹرز کی وکٹ حاصل نہ کرسکا۔
اس سے قبل زمبابوے نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو غلط ثابت ہوا اور پوری ٹیم 12.4 اوورز میں 57 رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی اور پاکستان کو جیت کے لیے 58 رنز کا ہدف ملا تھا۔
زمبابوے کے 9 کھلاڑی ڈبل فگر میں بھی داخل نہ ہوسکے ، برائن بینیٹ 21 اور تادیوانشے مارومانی 16 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تھے۔
کپتان سکندر رضا کو 3 رنز پر عباس آفریدی نے بولڈ کیا تھا، ریان بٹ ایک رن بنا کر سفیان مقیم کا نشانہ بنے، ویلنگٹن مساکادزا 3 رنز بناسکے تھے۔
پاکستان کی جانب سے سفیان میم نے پانچ کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی تھی، عباس آفریدی نے دو وکٹیں حاصل کی تھیں، سلمان علی آغا، حارث رؤف اور ابرار احمد ایک، ایک وکٹ حاصل کرسکے۔
ٹاس کے بعد پاکستانی کپتان سلمان علی آغا نے کہا تھا کہ کوشش ہوگی کہ اچھی بولنگ کا مظاہرہ کریں اور زمبابوے کو کم سے کم ٹوٹل پر روک کر میچ اور سیریز جیتیں۔
پاکستان نے آج کے میچ میں کوئی تبدیلی نہیں کی اور پہلے میچ کے فاتحانہ اسکواڈ کو برقرار رکھا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان نے پہلے میچ میں زمبابوے کو 57 رنز سے شکست دی تھی۔ اس سے قبل گرین شرٹس نے محمد رضوان کی قیادت میں میزبان ٹیم کو ون ڈے سیریز میں دو، ایک سے ہرایا تھا۔