لاہور: انگلینڈ کے خلاف ون ڈے اور ٹی ٹوینٹی سیریز کے لیے قومی ویمنز ٹیم کی ممکنہ کھلاڑیوں کا اعلان کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق انگلینڈ کے خلاف ٹی ٹوینٹی اور ون ڈے سیریز کے لیے ممکنہ ویمن ٹیم کا اعلان کردیا گیا، بسمہ معروف کو کپتان برقرار رکھا گیا ہے۔
قومی ویمنز ٹیم کی دیگر کھلاڑیوں میں عالیہ ریاض، انعم امین، عروب شاہ، ڈیانا بیگ، فاطمہ ثنا، ارم جاوید شامل ہیں۔
ویمنز ٹیم کی ممکنہ کھلاڑیوں میں جویریہ ودود، کائنات حفیظ، کائنات امتیاز، منیبہ علی، ثنا میر، سدرہ امین، عائشہ ظفر اور سدرہ نواز شامل ہیں۔
مزید پڑھیں: پاکستان اور انگلینڈ کی خواتین کرکٹ ٹیم کے درمیان سیریز کے شیڈول کا اعلان
انگلینڈ کے خلاف سیریز کے لیے منیبہ علی، ناہیدہ خان، نشرہ سندھو، عمیمہ سہیل، رامین شمیم، صبا نذیر کو بھی کیمپ میں طلب کیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق 21 ممکنہ کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ حنیف محمد ہائی پرفارمنس سینٹر کراچی میں ہوگا ۔
پی سی بی اعلامیے کے مطابق 9 روزہ تربیتی کیمپ 21 سے 29 نومبر تک جاری رہے گا، ایک روزہ، ٹی ٹوینٹی سیریز کے لیے قومی اسکواڈز کا اعلان 27 نومبر کو کیا جائے گا، قومی ویمنز اسکواڈ 30 نومبر کو ملائیشیا روانہ ہوگا۔
واضح رہے کہ دو روز قبل پی سی بی کی جانب سے اعلان کیا گیا تھا کہ بسمہ معروف ویمنز ورلڈ کپ تک کپتانی کے فرائض انجام دیں گی۔