پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم نے رواں برس کے آخر میں بھارت میں ہونے والے آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ کے لیے باضابطہ طور پر کوالیفائی کر لیا ہے۔
ایک کرکٹ ویب سائٹ پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم نے رواں برس کے آخر میں بھارت میں ہونے والے آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ کے لیے باضابطہ طور پر کوالیفائی کر لیا ہے۔ پاکستان کے علاوہ بنگلہ دیش بھی میگا ایونٹ کھیلنےکی اہل ہوگی۔
لاہور میں کھیلے جا رہے آئی سی سی ورلڈ کپ کوالیفائر ٹورنامنٹ میں بنگلہ دیش کے اسکاٹ لینڈ کو شکست دینے کے بعد پاکستان اور بنگلہ دیش کے پوائنٹس ٹیبل پر چھ، چھ پوائنٹ ہو گئے ہیں۔
تاہم رن ریٹ کی بنیاد پر بنگلہ دیش پہلے اور پاکستان دوسرے نمبر پر ہے۔ اس کے ساتھ ہی دونوں ٹیموں نے باضابطہ طور پر رواں برس ستمبر اکتوبر میں کھیلے جانے والے آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کر لیا۔
ورلڈ کپ کوالیفائنگ راؤنڈ میں گوکہ 5 میچز باقی ہیں تاہم ان کے نتائج جو بھی نکلیں ماسوائے پاکستان اور بنگلہ دیش کی پوزیشن تبدیل کرنے کے کسی اور ٹیم کو اوپر نہیں لا سکیں گے۔
کوالیفائر ٹورنامنٹ میں پاکستان ٹیم نے ابتدائی تینوں میچوں میں فتوحات حاصل کیں تو بنگلہ دیش بھی اب تک کھیلے گئے تینوں میچز میں ناقابل شکست رہا ہے۔
یہ آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ کا 13 واں ایڈیشن ہوگا، 29 ستمبر سے 26 اکتوبر تک ہونےوالے اس میگا ایونٹ کی بھارت چوتھی بار میزبانی کرے گا۔ ٹورنامنٹ میں مجموعی طور پر 31 میچز کھیلے جائیں گے۔ آسٹریلیا اپنے اعزاز کے دفاع کے ساتھ ریکارڈ آٹھویں بار ٹرافی اٹھانے کی کوشش کرے گا۔
1978، 1997، اور 2013 کے ایڈیشنز کے بعد یہ پہلی بار ہوگا کہ ویمنز ورلڈ کپ میں صرف آٹھ ٹیمیں شامل ہوں گی۔
دوسری جانب ٹورنامنٹ بھارت میں ہونے کے باعث پاکستان کے میچز میزبان ملک میں نہیں ہوں گے۔ اس کے بجائے، گرین شرٹس کے ورلڈ کپ کے تمام میچز بھارت سے باہر کسی نیوٹرل مقام پر کھیلے جائیں گے۔
واضح رہے کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے لیے بھارت کے پاکستان نہ آنے کے بعد پی سی بی اور بی سی سی آئی میں ایک معاہدہ طے پایا تھا جس کے تحت 2027 تک ہونے والے تمام آئی سی سی اور اے سی سی ٹورنامنٹس میں دونوں ٹیمیں ایک دوسرے کے ملک میں نہیں بلکہ نیوٹرل مقام پر اپنے میچز کھیلیں گی۔
اسی معاہدے کے بعد بھارتی کرکٹ ٹیم نے پاکستان کی میزبانی میں گزشتہ ماہ کھیلی گئی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے اپنے تمام میچز دبئی میں کھیلے تھے۔