لاہور : پاکستان بیس بال ٹیم نے روایتی حریف بھارت کو بآسانی 2-11 سے ہرا کر دبئی کپ اپنے نام کرلیا.
تفصیلات کے مطابق پاکستان نے ایمریٹس بیس بال لٹل لیگ میں بھارت کو یک طرفہ مقابلے میں روایتی حریف بھارت کو 2-11 سے شکست دے کر دبئی کپ جیت کر پاکستانی جھنڈے کو سربلند کردیا.
بیس بال گراﺅنڈ میں ہونے والے فائنل مقابلے کی پہلی اننگ میں کوئی بھی ٹیم اسکور کرنے میں ناکام رہی تاہم دوسرے اور تیسرے مرحلے صرف ایک ایک پوائنٹ مل سکے لیکن چوتھی اننگ میں پھر کوئی اسکور نہیں ہوسکا تاہم پانچویں، چھٹی اور ساتویں اننگ میں پاکستان نے جارحانہ کھیل پیش کیا اور باآسانی میچ جیت لیا.
فائنل میچ کی فتح میں پاکستان کی طرف سے کپتان عمیر بھٹی، مصدق حنیف، محمد عثمان، عمیر امداد بھٹی، ذاکر آفریدی، امین آفریدی اور عبدالرحمن کی عمدہ کارکردگی شامل حال رہی اور بہترین ٹیم ورک نے ملک کو ٹورنامنٹ جیتوانے میں اہم کردار ادا کیا.
فاتح ٹیم کے پاکستان زندہ باد کے فلک شگاف نعروں سے بیس بال گراؤنڈ گونج گیا جب کہ بھارت شکست خوردہ ٹیم ناکامی کا داغ لیے گراؤنڈ سے واپس چلی گئی.