بدھ, جنوری 8, 2025
اشتہار

آخری میچ میں فتح، پاکستانی ٹیم نیوزی لینڈ کے ہاتھوں وائٹ واش سے بچ گئی

اشتہار

حیرت انگیز

پاکستان کرکٹ ٹیم، پانچویں ٹی توئنٹی میچ میں نیوزی لینڈ کو 42 رنز سے شکست دے کر کلین سوئپ کی ہزیمت سے بچ گئی ہے۔

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پانچ ٹی ٹوئنٹی میچوں پر مشتمل سیریز کے کرائسٹ چرچ میں کھیلے گئے آخری میچ میں گرین شرٹس نے کیویز کو 42 رنز سے ہرا کر دورے کی پہلی فتح حاصل کر لی ہے یوں قومی ٹیم پہلی بار نیوزی لینڈ کے ہاتھوں وائٹ واش ہونے کی ہزیمت سے بچ گئی ہے۔

پاکستان کی جانب سے دیے گئے 135 رنز کے کم ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم حیران کن طور پر 92 رنز پر ڈھیر ہو گئی یوں قومی ٹیم نے 42 رنز سے فتح سمیٹی۔

- Advertisement -

کیویز کی جانب سے گلین فلپس 26 اور فن ایلن 22 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے۔

پاکستان کی جانب سے آل راؤنڈر افتخار احمد کو دورے میں پہلی بار بولنگ کا موقع دیا گیا اور انہوں نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے تین وکٹیں حاصل کر کے گرین شرٹس کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔ کپتان شاہین شاہ اور محمد نواز نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔

اس سے قبل پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تاہم بیٹرز نے پھر مایوس کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر صرف 134 رنز ہی بنا سکے۔

قومی ٹیم  کی پہلی وکٹ صفر پر گر گئی تھی۔ ڈیبیو کرنے والے احسان اللہ بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔ محمد رضوان 38 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے جب کہ فخر زمان 33 رنز بنا کر دوسرے نمایاں بلے باز رہے۔

آخری میچ کے لیے قومی ٹیم میں تین تبدیلیاں کی گئی تھیں۔ مسلسل ناکام صائم ایوب کی جگہ حسیب اللہ کا ڈیبیو کرایا گیا جب حارث رؤف اور محمد وسیم جونیئر کی جگہ عباس آفریدی اور اسامہ میر کو ٹیم میں شامل کیا گیا تھا۔

نیوزی لینڈ نے پانچ میچوں کی سیریز چار ایک سے اپنے نام کر لی۔ افتخار احمد کو میچ کا بہترین کھلاڑی جب کہ نیوزی لینڈ کے جارح مزاج اوپنر فن ایلن کو سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں