اسلام آباد: پاکستان نے اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق کو خط لکھا ہے جس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ بھارت کو انسانی حقوق کے تحفظ کا پابند بنایا جائے، بھارت قونصلر تعلقات کے معاملے میں ویانا کنونشن کی خلاف ورزی کر رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق شیریں مزاری نے یو این ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق کو خط لکھ دیا، خط میں لکھا گیا ہے کہ پاکستان کو بھارت میں ہونے والی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر تشویش ہے۔
خط کے مطابق اگست 2020 میں راجستھان میں 11 پاکستانی ہندوؤں کے ماورائے عدالت قتل کی رپورٹ سامنے آئی، ابھی تک نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمشنر کو تفصیلات نہیں دی گئیں۔ واقعے کے خلاف انکوائری ہوئی نہ مقتولین کے ورثا کو لاشوں تک رسائی دی گئی۔
خط میں کہا گیا کہ یہ عالمی انسان قوانین کی سخت خلاف وزری ہے، بھارت قونصلر تعلقات کے معاملے میں بھی ویانا کنونشن کی خلاف ورزی کر رہا ہے، ویانا کنوشن کا مقصد عالمی امن کی خاطر خود مختار ریاستوں کا احترام کرنا ہے۔
وزیر انسانی حقوق کا کہنا تھا کہ ماورائے عدالت قتل کی آزادانہ اور منصفانہ تحقیقات کے لیے یو این کے تحت تحقیقاتی ٹیم بنائی جائے، بھارت سے قتل ہونے والوں کی لاشوں کی ورثا کو حوالگی کا مطالبہ بھی کیا جائے۔
خط میں مطالبہ کیا گیا کہ بھارت کو انسانی حقوق کے تحفظ کا پابند بنایا جائے، انسانی حقوق خلاف ورزیوں میں ملوث بھارتی حکام کا ریاستی استثنیٰ ختم کیا جائے۔