پاکستان نے افغانستان کے عوام کے لیے خوراک اور سردی سے بچاؤ کے سامان پر مشتمل امداد افغان حکام کے حوالے کردی۔
طویل جنگ کے بعد بدترین معاشی بدحالی سے دوچار افغان عوام کسمپرسی کی زندگی گزار رہے ہیں، سخت سردی میں ان کے پاس نہ تو مناسب خوراک ہے اور نہ ہی سردی سے بچاؤ کے لیے لباس ودیگر سامان۔
پاکستان اس سے قبل بھی اپنے برادر اسلامی ملک کے عوام کے لیے وقتاْ فوقتاْ امداد دیتا رہا ہے اور ایک بار پھر انسانی بنیادوں پر امداد روانہ کی ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق پچاس ٹن خوراک اور سردی سے بچاؤ کے سامان پر مشتمل امدادی سامان طورخم بارڈر پر افغان حکام کے حوالے کیا گیا۔
یہ امدادی سامان بارڈر انتظامیہ کے معاون حافظ فیض اور انچارج غازی نے وصول کیا۔
اس موقع پر افغان بارڈرحکام نے پاکستانی حکومت اورعوام کی جانب سےامداد کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستان نےہرمشکل وقت میں افغان عوام کی مددکی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں بھی افغان صورتحال زیربحث آئی تھی اور کمیٹی نے اس عزم کا اعادہ کیا تھا کہ پاکستان مشکل وقت میں افغان عوام کو تنہا نہیں چھوڑے گا۔
مزید پڑھیں: پاکستان مشکل وقت میں افغان عوام کو تنہا نہیں چھوڑے گا: ایپکس کمیٹی کا اعلامیہ