کراچی : پاک بھارت کشیدگی کے باعث بند کی جانے والی پاکستانی فضائی حدود کو مزید26جولائی تک بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، سی اے اے نے اوور فلائی پر پابندی کا نیا نوٹم جاری کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی نے پاکستانی فضائی حدود میں اوور فلائی کی بندش میں26 جولائی تک توسیع کر دی، سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے پاکستانی فضائی حدود میں ٹرانزٹ اور اوور فلائی پر12 جولائی تک پابندی عائد تھی۔
اب سی اے اے نے اوور فلائی کی بندش کے دورانیے میں14 دن توسیع کر دی ہے۔ اس سلسلے میں سی اے اے نے اوور فلائی پر پابندی کا نیا نوٹم جاری کر دیا، اوور فلائی کی بندش کے بعد بھارتی طیارے پاکستانی فضائی حدود استعمال نہیں کر سکیں گے۔
یاد رہے کہ پاک بھارت کشیدگی کے باعث پاکستانی ایسٹرن فضائی حدود27 فروری سے بند ہے۔ اس حوالے سے ترجمان سول ایوی ایشن اتھارٹی کا کہنا ہے کہ پاکستانی فضائی حدود میں ٹرانزٹ اور اوور فلائی نئے حکم نامے تک بند رہے گی۔ پاکستانی فضائی حدود میں ایسٹرن ایئر سائیڈ بند اور ویسٹرن فضائی حدود میں آپریشن جاری ہے۔
مزید پڑھیں : بھارتی ائیرلائنز کو پاکستانی فضائی حدود کی بندش کے سبب 549 کروڑ کا نقصان
بھارتی ائیرلائنز کو پاکستانی فضائی حدود بند ہونے کے سبب 549 کروڑ روپے خسارے کا سامنا ہے ، بھارتی وزیر ہوابازی ہردیپ سنگھ پوری کا کہنا ہے کہ رواں برس 26 فروری سے فضائی حدود کی بندش ہمسایہ ملک کا یک طرفہ فیصلہ ہے اور اس کا خاتمہ اسلام آباد کی مرضی پر ہی منحصر ہے۔
ہردیپ سنگھ کی طرف سے پیش کئے گئے اعدادو شمار کے مطابق نجی فضائی کمپنی سپائس جیٹ کو 20 جون تک30.73 کروڑ، انڈی گو کو 25 مئی تک 25.1 کروڑ، گوائیر فضائی کمپنی کو 20 جون تک 2.1 کروڑ اور ائیر انڈیا کو 2 جولائی تک 491 کروڑ کا خسارہ ہو چکا ہے۔