امریکا میں پاکستانی سفیر رضوان سعید شیخ نے کہا ہے کہ پاکستان میکسیکو کی طرز پر ایک کنیکٹر کنٹری کا کردار ادا کرنے کے لیے موزوں اور تیار ہے۔
تفصیلات کے مطابق سفیر پاکستان نے واشنگٹن ورلڈ ٹریڈ سینٹر میں امریکی پالیسی سازوں، سفارت کاروں اور بزنس کمیونٹی سے خطاب بھی کیا۔
سفیر پاکستان نے امریکی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں موجودہ معاشی مواقعوں سے فائدہ اٹھانے کی دعوت دی، زراعت، آئی ٹی اور معدنی وسائل جیسے شعبوں میں سرمایہ کاری امریکی سرمایہ کاروں کیلئے نادر موقع ہے۔
پاکستانی سفیر نے کہا کہ آئی ٹی کے شعبے میں تعاون کا فروغ دونوں ملکوں کیلئے انتہائی سود مند ہے، آئی ٹی کے شعبے میں پاکستان امریکا کی نسبت 70 فیصد کم خرچ اور معیاری خدمات فراہم کررہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ 80 سے زائد امریکی کمپنیوں کے کامیاب کاروبار پاکستان کے منافع بخش منڈی ہونے کی بڑی مثال ہے، کاروباری طبقے کو موافق ماحول اور مطلوبہ سہولتوں کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
امریکا میں تعینات نئے پاکستانی سفیر رضوان سعید شیخ نے سفارتی ذمہ داریاں سنبھال لیں
سفیر رضوان سعید شیخ نے مزید کہا کہ پاک امریکا تجارتی خسارہ بہت کم ہے جسے با آسانی پورا کیا جاسکتا ہے، پاکستان امریکی کاٹن کا سب سے بڑا درآمد کنندہ ملک ہے، پاکستان امریکا سے سویابین درآمد کررہا ہے اور ایک علاقائی مرکز کے طور پر بھی کام کرسکتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میکسیکو کی طرز پر ایک کنیکٹر کنٹری کا کردار ادا کرنے کیلئے موزوں اور تیار ہے، امریکا میں موجود 10 لاکھ کے قریب پاکستانی کمیونٹی پاک امریکا تعلقات کی سب سے پائیدار کڑی ہے۔
پاکستانی سفیر نے دوران گفتگو حالیہ پاک بھارت کشیدگی کے بارے میں بھی تبصرہ کیا، انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے اشتعال انگیزی ایسے وقت پر کی گئی جب پاکستان معاشی ترقی کی جانب گامزن تھا۔
پاکستانی سفیر رضوان سعید شیخ نے خطاب میں کہا کہ بھارتی جارحیت کا مؤثر جواب دینے پر بحیثیت قوم فخر ہے، تاہم ہماری اولین ترجیح امن ہے جو معیشت کی ترقی کی راہ ہموار کریگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاک بھارت جنگ بندی کے حوالے سے امریکی قیادت نے کلیدی کردار ادا کیا، پاکستان اور امریکا کے دیرینہ سفارتی، سیاسی اور معاشی تعلقات ہیں، بحیثیت سفیر معاشی تعلقات کا فروغ اولین ترجیح ہے۔