کراچی: مختلف ممالک میں تعینات پاکستانی سفیروں کو پی آئی اے کی امریکا، برطانیہ اور یورپی ملکوں کی پروازوں کا آپریشن بحال کرانے کے لیے ٹاسک دے دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق پی آئی اے کے امریکا، برطانیہ ، یورپی ملکوں میں فضائی آپریشن کے معاملے پر بیرون ملک تعینات پاکستانی سفیروں کو آپریشن بحال کرانے کے لیے ٹاسک دے دیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ جرمنی میں پاکستان کے سفیر ڈاکٹر فیصل کو پی آئی اے کے یورپی ملکوں کی فضائی آپریشن کے لیے یورپی یونین سے رابطہ تیز کر نے کی ہدایت کردی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق جرمنی میں تعینات پاکستانی سفیر آئندہ پیر سے سے پی آئی اے کی پروازوں کو بحال کرنے سے متعلق یورپی یونین کے حکام سے ملاقات کریں گے۔
پی آئی اے سی ای او ایرمارشل ارشد ملک اور جرمنی میں تعینات پاکستانی سفیر ڈاکٹر فیصل کے درمیان بھی رابطہ ہوا ہے، جس میں ارشد ملک کا کہنا تھا کہ پی آئی اے انتظامیہ امریکا، برطانیہ اور یورپی یونین کے ملکوں میں فوری طور فضائی آپریشن شروع کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔
اس سے قبل یورپی یونین کی جانب سے پابندی کے معاملے پر پی آئی اے نے یورپی یونین ا یئر سیفٹی ایجنسی ایاسا سے رابطہ کیا تھا اور کہا اکاؤ نےسی اے اے پر سگنیفیکنٹ سیفٹی کنسرن ختم کردیا، یورپ اور برطانیہ جانے والی پروازوں سے پابندی ختم کی جائے۔
پی آئی اے کا کہنا تھا کہ اکاؤ کی رپورٹ کے بعد یورپی سیفٹی ایجنسی پی آئی اے پر نظر ثانی کرے تاکہ پی آئی اے بر طانیہ اور یورپ کے لئے فلائٹ آپریشن دو بارہ سے شروع کر سکے۔