پہلگام فالس فلیگ کے بعد بھارتی حکومت بوکھلاہٹ کا شکار ہوگئی، پاکستانی تارکین وطن نے امریکا میں بھارتیوں کی سازش کو ناکام بنادیا۔
رپورٹس کے مطابق پاکستانی تارکین وطن نے امریکا میں منصوبے کے تحت بھارتی احتجاج ناکام بنادیا، بھارت کے احتجاج کے پیش نظر پاکستانیوں کی کثیر تعداد ٹائمز اسکوائر پہنچ گئی۔
نیویارک ٹائمز پر نام نہاد احتجاج سرحدی دہشتگردی کیخلاف پہلے سے طے شدہ تھا۔
بوکھلاہٹ کا شکار مودی سرکار نے سیکڑوں پاکستانی یوٹیوب چینلز کو بھی بھارت میں بند کردیا ہے، مودی سرکار کا ایجنڈا بھارتی عوام کو سچ سے دور رکھ کر ہندوتوا کو فروغ دینا ہے۔
دوسری جانب سکھوں کی عالمی تنظیم سکھ فارجسٹس کے سربراہ اور خالصتان تحریک کے سرکردہ رہنما گرپتونت سنگھ پنوں نے کہا ہے کہ پہلگام ڈرامہ مودی کی جانب سے رچایا گیا، اس کا فائدہ کس کو پہنچ رہا ہے؟۔
اے آر وائی نیوز کے پروگرام اعتراض ہے میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے گرپتونت سنگھ پنوں نے کہا کہ بھارت دنیا بھر میں دہشت گردی کو ایسکپورٹ کررہا ہے، بھارت نے مجھے امریکا میں قتل کرنے کی کوشش کی۔
ان کا کہنا تھا کہ مودی کی حکومت یا تو تاریخ سے کچھ نہیں سیکھی یا پھر اسے حقائق کا معلوم نہیں ہے، مودی کو یاد رکھنا چاہیے سکھ اپنے دفاع کے لیے سب کچھ کرسکتے ہیں۔
گرپتونت سنگھ پنوں کا کہنا تھا کہ کشمیر میں آزادی کی جدوجہد کرنیوالے اپنی جانوں کی قربانیاں دے رہے ہیں، کشمیریوں کو دنیا بھرمیں بھارتی سفارت خانوں کے باہر احتجاج کرنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ اگر مودی نے بھارتی پنجاب میں کوئی ڈرامہ کیا تو دنیا بھر میں سفارتخانوں کے سامنے احتجاج کریں گے اور بھارتی سفارتخانوں کو بند کرنے پر مجبورکرینگے۔
سکھ رہنما نے کہا کہ پاکستان کو جارحانہ انداز میں دنیا بھر میں بھارت کو جواب دینا چاہیے، پہلے بھی بھارت نے اس طرح کے فالس فلیگ کیے، کلنٹن کے دورے کے وقت بھی سکھوں کا قتل عام کیا گیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو مقبوضہ کشمیر میں اس طرح کا حملہ کرنے کا کیا فائدہ ہوسکتا ہے؟ پہلگام میں حملہ کرنے کا فائدہ مودی کی ہندوتوا کو ہوتا ہے۔
پہلگام واقعہ : بھارت کے پاس پاکستان کیخلاف شواہد نہیں، نیویارک ٹائمز
گرپتونت سنگھ پنوں نے کہا کہ نریندر مودی خود دنیا کا بہت بڑا دہشت گرد ہے وہ کسی پر کیا الزام لگائے گا اس نے گجرات میں مسلمانوں کا قتل عام کیا، دیکھنا یہ چاہیے کہ پہلگام حملے کا فائدہ کس کو پہنچ رہا ہے؟