ہفتہ, جولائی 27, 2024
اشتہار

پاکستانی کپتان بسمہ معروف’موسٹ ڈیڈیکیٹڈ مدر‘ قرار

اشتہار

حیرت انگیز

ویمنز ورلڈ کپ میں بھارت کیخلاف میچ کیلیے پاکستانی کپتان کی بیٹی کو گود میں اٹھائے اسٹیڈیم داخل ہوتی تصویر دیکھ کر مداح حیران،موسٹ ڈیڈیکیٹڈ مدر قراردیدیا۔

ماں بننے کے بعد کسی بھی خاتون کھلاڑی کیلیے کھیل میں واپس آنا آسان نہیں ہوتا تاہم کئی کھیلوں میں خواتین نے ماں بننے کے بعد نہ صرف واپسی کی بلکہ چیمپئن بن کر بھی ابھری ہیں۔ نیوزی لینڈ میں جاری ویمنز ورلڈ کپ میں شرکت کرنے والی پاکستانی کپتان بسمہ معروف بھی ان ہی خواتین میں شامل ہوگئی ہیں جو اپنی چھ ماہ کی بیٹی کے ہمراہ ٹورنامنٹ میں شرکت کے لیے نیوزی لینڈ پہنچی ہیں۔

بسمعہ معروف اتوار کو جب ٹورنامنٹ میں روایتی حریف بھارت کیخلاف میچ کیلیے ماؤنٹ مینگونیئی پہنچیں تو ان کی گود میں ان کی چھ ماہ کی پیاری سی بیٹی بھی تھی۔

- Advertisement -

ممتا کے جذبہ محبت سے آئی سی سی بھی بہت متاثر ہوا اور اس نے اپنے آفیشل ٹوئٹر ہینڈل پر بسمہ کی ایک تصویر شیئر کی ہے جس میں وہ اپنی بیٹی کو گود میں اٹھائے اسٹیڈیم میں داخل ہوتی نظر آرہی ہیں۔

آئی سی سی نے تصویر کے کیپشن میں لکھا کہ ’’پاکستان کی کپتان ہندوستان کیخلاف میچ کے لیے تیار ہیں‘‘۔

 

تصویر کو کرکٹ کے مداح بیحد سراہ رہے ہیں اور چند گھنٹوں میں ہزاروں صارفین یہ تصویر دیکھ چکے ہیں، ہزار سے زائد تصویر کو ری ٹوئٹ کرچکے ہیں جب کہ سینکڑوں نے دلچسپ تبصرے کیے ہیں۔

کئی صارفین نے بسمہ کو موسٹ ڈیڈیکیٹڈ مدر قرار دیدیا، ایک فین نے اس تصویر کو رواں سال 2022 کی بہترین تصویر قرار دیا تو دوسرے نے لکھا ’سپرسنڈے‘۔

واضح رہے کہ بسمہ معروف کے ہاں گزشتہ سال اگست میں بیٹی کی ولادت ہوئی تھی۔

بسمہ معروف کے ماں بننے کے بعد کرکٹ کے میدان میں واپسی نہ صرف پاکستان کی خواتین کرکٹرز بلکہ دنیا بھر کی کھلاڑیوں کیلیے ترغیب کا باعث بن سکتی ہے۔ اہل خانہ کا تعاون، کھیل سے محبت کے علاوہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی ایک پالیسی بھی بسمہ کی دوبارہ کھیل میدان میں واپسی کی وجوہات میں شامل ہے۔

پی سی بی نے گزشتہ سال کھلاڑیوں کیلیے پیرنٹل سپورٹ پالیسی نافذ کی تھی جس کا فائدہ اٹھانے والی بسمہ پہلی کرکٹر ہیں۔ پی سی بی کی اس پالیسی کے تحت کھلاڑی کو 12 ماہ کی رخصت بمعہ تنخواہ اور کنٹریکٹ میں توسیع کی ضمانت ملتی ہے۔

ماؤنٹ مانگانوئی میں پاکستان بھارت سے تو میچ میں ہار گیا لیکن بسمہ کی تصویر نے شائقین کرکٹ کے دل جیت لیے ہیں۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں