اسلام آباد : نیو یارک میں پاکستان شہری آصف مرچنٹ کی گرفتاری کے معاملہ پر پاکستانی دفتر خارجہ کا ردعمل آگیا، ترجمان دفترخارجہ کا کہنا ہے کہ بیان جاری کرنے سے قبل مزید تفصیلات کا انتظار کر رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق امریکی صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کے قتل کی منصوبہ بندی کے الزام میں امریکی عدالت میں پاکستانی شہری آصف مرچنٹ پر فرد جرم عائد کرنے سے متعلق پاکستانی دفترخارجہ کا کہنا ہے کہ امریکی حکام سے رابطے میں ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے آصف مرچنٹ کی گرفتاری پر کہا کہ ہم نے میڈیا رپورٹس دیکھی ہیں، اپنا باضابطہ ردعمل دینے سے پہلے مزید تفصیلات کا انتظار کر رہے ہیں، امریکی عہدیداروں نے کہا ہے کہ معاملے کی تحقیقات جاری ہے۔
واضح رہے کہ امریکی میڈیا نے اپنی رپورٹس میں کہا ہے کہ ملزم آصف مرچنٹ کو 12 جولائی کو امریکا چھوڑنے کی تیاری کرتے ہوئے گرفتار کیا گیا تھا، ملزم نے سیاستدانوں کو قتل کرنے کیلئے اجرتی قاتل سے رابطہ کیا۔
امریکی میڈیا کے مطابق اجرتی قاتل خفیہ طور پر امریکی انٹیلی جنس اداروں کیلئے کام کررہا تھا، آصف مرچنٹ نے امریکا مخالف مظاہروں اور بڑے سیاستدانوں کو قتل کرنے کی بھی بات کی۔