قومی سلیکشن کمیٹی نے دورہ جنوبی افریقہ کے لیے پاکستانی ٹیم کے تینوں فارمیٹس کے اسکواڈز کا اعلان کر دیا ہے اہم کھلاڑی شامل نہیں ہیں۔
قومی سلیکشن کمیٹی نے رواں ماہ 10 دسمبر سے شروع ہونے والے دورہ جنوبی افریقہ میں کھیلے جانے والے کرکٹ کے تینوں فارمیٹس کے لیے پاکستانی اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے۔ بابر اعظم کو تینوں فارمیٹس کے اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔
ٹیسٹ ٹیم کی قیادت شان مسعود کریں گے جب کہ ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی میں محمد رضوان یہ ذمے داری نبھائیں گے۔ سلیکشن کمیٹی نے دورہ جنوبی افریقہ سے جارح مزاج اوپنر فخر زمان اور امام الحق کو باہر رکھا ہے۔
ٹیسٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود اور نائب کپتان سعود شکیل کو ون ڈے اور ٹی 20 اسکواڈ میں شامل نہیں کیا گیا ہے۔ شاہین شاہ آفریدی کو ٹیسٹ اسکواڈ جب کہ نسیم شاہ کو ٹی 20 اسکواڈ سے باہر کیا گیا ہے۔ سفیان مقیم کو پہلی بار ون ڈے اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔ محمد عباس آفریدی کی ٹیسٹ اسکواڈ میں واپسی ہوئی ہے۔
قومی سلیکشن کمیٹی کے سینئر ممبر عاقب جاوید کا کہنا ہے کہ اس بات کو یقینی بنایا گیا ہے کہ تینوں اسکواڈ متوازن ہوں اور جنوبی افریقہ میں اچھی کارکردگی دکھائیں جب کہ شاہین شاہ آفریدی کو ٹیسٹ اسکواڈ سے اس لیے ڈراپ کیا گیا تاکہ وہ چیمپئنز ٹرافی کے لیے تازہ دم ہوں۔
واضح رہے کہ پاکستان رواں ماہ 10 دسمبر سے 7 جنوری تک جنوبی افریقہ کا دورہ کرے گا۔ اس سیریز کے دوران قومی ٹیم تین ٹی ٹوئنٹی، تین ون ڈے اور دو ٹیسٹ میچز پر مبنی سیریز کھیلے گی۔
پاکستان اپنے دورے کا آغاز 10 دسمبر کو ڈربن میں ٹی ٹوئنٹی میچ سے کرے گی۔ اسی فارمیٹ کا دوسرا میچ 13 دسمبر کو سنچورین اور آخری میچ 14 دسمبر کو جوہانسبرگ میں کھیلا جائے گا۔
تین ون ڈے میچوں کی سیریز 17 سے 22 دسمبر تک کھیلی جائے گی جب کہ دو ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ 26 دسمبر سے سنچورین جب کہ دوسرا اور آخری میچ 3 جنوری 2025 سے کیپ ٹاوٌن میں کھیلا جائے گا۔
ریڈ بال ہیڈ کوچ جیسن گلیسپی 13 دسمبر کو جوہانسبرگ پہنچیں گے۔ وہ ٹیسٹ سیریز کے کیمپ کی نگرانی کریں گے۔