لاہور: واہگہ بارڈر پر قومی پرچم اتارنے کی پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں عوام قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں اور عوام کی بڑی تعداد نے ملی جوش و جذبے کے ساتھ شرکت کی، فاسٹ باؤلر حسن علی نے فوجی جوان کے انداز میں دشمن کو للکار کر حاضرین کے دل جیت لیے۔
تفصیلات کے مطابق واہگہ بارڈر پر سورج غروب ہونے سے قبل روزانہ کی طرح آج یعنی 21 اپریل بروز ہفتے کو قومی پرچم اتارنے کی پروقار منعقد کی گئی جس میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے آفیشلز اور قومی ٹیم کے کھلاڑیوں نے شرکت کی۔
قومی پرچم سرنگوں کرنے کی پریڈ میں قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کی شرکت نے شریک خواتین، بچوں، بزرگوں، نوجوانوں کے مزے کو دوبالا کردیا اور وہ اپنے درمیان پسندیدہ کھلاڑیوں کو دیکھ کر بہت خوش ہوئے۔
پریڈ کی تقریب میں شرکت کرنے والے کھلاڑیوں میں قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد، اظہر علی، فہیم اشرف، اسد شفیق، راحت علی، بابر اعظم، عثمان صلاح الدین، سمیع اسلم، سعد علی، شاداب خان اور حسن علی نے شرکت کی۔
مزید پڑھیں: یوم پاکستان: واہگہ بارڈر پرپرچم اتارنے کی پروقار تقریب
ایک موقع پر فاسٹ باؤلر حسن علی کھڑے ہوئے اور فوجی جوان کے ساتھ واہگہ بارڈر پر کھڑے ہوکر مخصوص انداز میں دشمن کی فوج کو للکار کر واپس اپنی نشست پر بیٹھ گئے۔
پرچم اتارنے کی تقریب میں حصہ لینے والے جوانوں نے اپنے مخصوص انداز سے لوگوں کے جوش و جذبے کو مزید بڑھایا اور شرکاء نے نعرہ تکبیر ، اللہ اکبر کے ساتھ پاکستان کے حق میں فلک شگاف نعرے بلند کیے۔
خیال رہے کہ لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں دورہ آئرلینڈ اور انگلینڈ کے لیے منتخب ہونے والے کھلاڑیوں کا تربیت کیمپ جاری ہے، پاکستان کرکٹ بورڈ نے کھلاڑیوں کو تفریح کا موقع فراہم کرنے کے لیے واہگہ بارڈر کا دورہ کیا۔
واضح رہے کہ واہگہ کے مقام پر روزانہ پرچم اتارنے کی تقریب منعقد کی جاتی ہے جس میں عوام شرکت کرتے ہیں تاہم قومی دن کے روز ملک بھر سے محب وطن پاکستانی اس منظر کو دیکھنے کے لیے ضرور پہنچتے ہیں۔ سورج غروب ہونے سے قبل دونوں ممالک کے فوجی اپنے قومی پرچم کو سرنگوں کردیتے ہیں اور اگلے روز علی الصباح پرچم لہرا دیا جاتا ہے۔