کراچی : یورپ پروازوں کی بحالی کیلئے پاکستانی سفارتکار پی آئی اے کیساتھ مل کر یورپی یونین سیفٹی ایجنسی میں آئندہ ہفتے اپیل دائر کریں گے، اس حوالے سے یورپی یونین اور یو کے میں پاکستانی نژاد پارلیمنٹرین کی مدد حاصل کرلی ہے۔
تفصیلات کے مطابق یورپی یونین ایئر سیفٹی ایجنسی کی جانب سے پی آئی اے پر پابندی کے معاملے پر یورپ پروازوں کی بحالی کیلئے پاکستانی سفارتکار متحرک ہوگئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستانی سفارتکار پی آئی اے کیساتھ مل کر یورپی یونین سیفٹی ایجنسی میں آئندہ ہفتے اپیل دائر کریں گے ، پی آئی اے نے یورپی یونین اور یو کے میں پاکستانی نزادپارلیمنٹرین کی بھی مدد حاصل کرلی۔
پی آئی اے نے برطانیہ اور یورپی یونین میں پاکستانی نژاد پارلیمنٹرین سے رابطہ کیا اور پابندی ختم کرانے کی استدعا کی اور کہا پی آئی اے کو یورپی یونین کی جانب سے پر پابندی کی وجہ سے اربوں روپے نقصان کا سامنا ہے۔
پی آئی اے برطانیہ کیلئے ہفتہ وار 23پروازیں آپریٹ کررہی تھی ، لندن کیلئے10،9پروازیں مانچسٹر اور4 برمنگھم اور یورپ کیلئے6پرواز آپریٹ ہوتی تھی، یورپ میں پیرس، میلان،بارسلونا اور کوپن ہیگن شامل تھے۔
یورپی یونین کی جانب سے پابندی کی وجہ سے پی آئی اے کو برطانیہ اور یورپ سے33ارب روپے سے زائد روینیو کے نقصان کا خدشہ ہے۔
ذرائع کے مطابق سعودی عرب میں بین الاقوامی پروازوں کی وجہ سے رواں سال پی آئی اے حج آپریشن بھی نہیں کر رہی، جس کی وجہ سے 12ارب روپے کا نقصان کا سامنا ہے جبکہ سعودی عرب میں عالمی پروازوں کی بندش کی وجہ سے پی آئی اے عمرہ سیزن بھی نہیں کرسکی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ یورپی یونین نے پی آئی اے پر 6ماہ کیلئے پابندی عائد کی ہوئی ہے۔