کراچی: اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کے مطابق پاکستانی شہریوں نے فراخ دلی کا مظاہرہ کرتے ہوئےڈیموں کی تعمیر کے لیے اب تک کروڑوں روپے عطیہ کر دیے۔
اسٹیٹ بینک کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق 6 جولائی سے 21 جولائی تو مختلف بینکوں میں دیامیر بھاشا اور مہمند ڈیموں کی تعمیر کے لیے کھولے جانے والے اکاؤنٹس میں ستائیس کروڑ سڑسٹھ لاکھ انچاس ہزار چار سو بارہ روپے جمع ہوئے۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے عطیات جمع کرانے والے شہریوں کے نام اور رقم تاریخ کے ساتھ اپنی ویب سائٹ پر شیئر کی، ایس بی پی نے سپریم کورٹ کے ڈیمز فنڈ اکاؤنٹ میں جمع کرائے گئے فنڈز کو بلحاظ ڈونر اور بینک ترتیب دیا اور یہ بھی ہدایت کی کہ عطیہ کنندہ اپنی رقم اور تفصیل مذکورہ تاریخ پر جاکر دیکھ سکتا ہے۔
قبل ازیں اسٹیٹ بینک نے 16 جولائی تک ڈیموں کی تعمیرات کے لیے جمع ہونے والی رقم کی تفصیل جاری کی تھی جس کے مطابق 10 روز میں ساڑھے 3 کروڑ 42 لاکھ سے زائد عطیات جمع کرائے گئے۔
ترجمان اسٹیٹ بینک کا کہنا تھا کہ جن شہریوں نے عطیات اے ٹی ایم، انٹربینک سے ٹرانسفر کی اُسے مجموعی بینکوں کے لحاظ سے ترتیب دیا گیا، ایسے ڈونرز کے نام واضح نہیں کیے گیے۔
سپریم کورٹ کے ڈیموں کی تعمیر کے حوالے سے کھولے جانے والے اکاؤنٹس میں 16 روز کے اندر تقریباً 27کروڑ 67 لاکھ 49 ہزار چار سو 12 روپے (276,749,412) جمع ہوئے۔ (Two hundred seventy-six million seven hundred forty-nine thousand four hundred twelve rupees)
یاد رہے کہ 6 جولائی کو کالا باغ ڈیم کی تعمیر سے متعلق ہونے والی سماعت میں چیف جسٹس آف پاکستان نے پانی کی قلت کو دور کرنے کے لیے فوری طور پر دیامیر بھاشا اور مہمند ڈیموں کی تعمیر کے احکامات اور فنڈز قائم کرنے کا حکم بھی جاری کیا تھا۔
فنانس ڈویژن نے ایک قدم مزید اور بڑھاتے ہوئے دیامربھاشا ڈیم فنڈز قائم کرنے کیلئے مختلف اداروں کو خط ارسال کیا تھا جس میں آڈیٹر جنرل، کنٹرولرجنرل اکاؤنٹس، اکاؤنٹنٹ جنرل پاکستان اور دیگر اداروں کے حکام سے لوگوں کی رقوم اسٹیٹ بینک اورنیشنل بینک کی برانچزمیں جمع کرانے کا انتظامات کے حوالے سے اقدامات کرنے کا کہا گیا تھا۔
بعد ازاں چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے سب سے پہلے ڈیموں کی تعمیر کے لئے دس لاکھ روپے کا عطیہ جمع کرایا تھا پھر میئر کراچی اور پیر پگارا نے ہر قسم کے تعاون کی پیشکش کی تھی اور وسیم اختر نے اپنی اور کے ایم سی افسران کی طرف سے ایک ایک لاکھ روپے فنڈ عطیہ کرنے کا اعلان کیا تھا۔
مسلح افواج نے ڈیموں کی تعمیر کے کار خیر میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ تینوں مسلح افواج کے افسران 2دن کی تنخواہ فنڈ میں جمع کرائیں گے۔
چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے 15 لاکھ جبکہ قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور اداکار حمزہ علی عباسی سمیت ملک میں بسنے والے دیگر لوگوں نے بھی ڈیمز کی تعمیر میں حصہ ڈالا، شاہد آفریدی نے اپنی اور فاؤنڈیشن کی جانب سے 15 لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا بعدازاں پاکستانی نژاد برطانوی باکسر نے بھی 10 لاکھ روپے عطیہ کیے۔
سیکیورٹی ایکسچینج آف پاکستان نے ڈیمز کی تعمیر کے حوالے سے 14 جولائی کو اہم فیصلہ کرتے ہوئے سرکلر جاری کیا تھا جس میں تمام رجسٹرڈ کمپنیوں کو کمرشل سماجی ذمہ داری کے تحت ڈیموں کی تعمیر میں عطیات دینے کی ہدایت کی گئی تھی۔
سپریم کورٹ آف پاکستان نے دیامربھاشا اورمہمند ڈیم کی تعمیر کے لیے فنڈقائم کیا ہے جس میں اب اسٹیٹ بینک و دیگر و نجی بینکوں سمیت دیگر سرکاری و پرائیوٹ اداروں کے ملازمین اور عوام نے کروڑوں روپے عطیہ کیے جس کا سلسلہ جاری ہے۔