کراچی : وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ پاکستانی معیشت آئی ایم ایف کے بغیر بھی چل سکتی ہے، اب کوئی نیا قرض یا پروگرام نہیں لیں گے اور نہ ہی روپے کی قدر گرانےکا کوئی ارادہ ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں سینئراسٹاک بروکرزاورصنعتکاروں سےملاقات کے موقع پر کیا، وزیراعظم نے سرمایہ کاروں اور اسٹاک ایکسچینج کے عہدےداروں کی ملاقات میں اقتصادی صورتحال پر تفصیلی گفتگو کی۔
اس موقع پر شاہد خاقان عباسی کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی گذشتہ چار سال کی مجموعی کارکردگی سے آگاہ کیا گیا، وزیراعظم کو اسٹاک ایکسچینج عہدےداروں نے انڈیکس میں حالیہ کمی کی وجوہات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔
بروکرز نے مارکیٹ کی بحالی کیلئے وزیر اعظم کومتعدد تجاویز بھی دیں، ملاقات میں پاکستان اسٹاک ایکسجینج کی ترقی اوراس میں مزید بہتری اور سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ کے اقدامات کا جائزہ بھی لیا گیا۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پاکستانی معیشت آئی ایم ایف کے بغیر چل سکتی ہے، آئی ایم ایف سے کوئی نیا قرض پروگرام نہیں لینگے اور حکومت کا روپے کی قدر گرانےکا کوئی ارادہ نہیں ہے، اس کے علاوہ اسٹاک مارکیٹ پر عائد ٹیکسوں پر نظرثانی کی جائے گی۔
وزیراعظم نے اسٹاک مارکیٹ کے مسائل پر اعلیٰ اختیاراتی کمیٹی بنا دی، کمیٹی کے سربراہ گورنر سندھ محمد زبیر ہونگے۔
مزید پڑھیں: جو کام نہیں کرے گا وہ گھر جائے گا: وزیر اعظم