پاکستانی فلمی صنعت کے سنہری دور میں ناصرہ اردو اور پنجابی فلموں میں رانی کے نام سے مقبول تھیں۔ لاکھوں دلوں پر راج کرنے والی اداکارہ نے ذاتی زندگی میں کئی دکھ اور صدمات اٹھائے اور کینسر میں مبتلا ہوکر دارِ فانی سے کوچ کیا۔ آج اداکارہ رانی کی برسی ہے۔
27 مئی 1993ء کو اپنے وقت کی یہ مقبول اداکارہ کراچی میں انتقال کرگئی تھیں۔ رانی نے 1941 میں لاہور میں آنکھ کھولی تھی۔ ناصرہ المعروف رانی اپنے وقت کی مشہور گلوکارہ مختار بیگم کے ایک ڈرائیور کی بیٹی تھیں۔ لیکن ان کی پرورش مختار بیگم نے کی اور ہمیشہ اپنے ساتھ رکھا۔ مختار بیگم نے ناصرہ کو رقص سکھایا اور جب رانی اس قابل ہوگئیں کہ کیمرے کا سامنا کرسکیں تو انھیں رانی کے نام سے فلمی دنیا میں متعارف کروایا۔
اداکارہ نے اردو اور پنجابی فلموں میں اپنی بہترین پرفارمنس سے خوب شہرت پائی۔ اردو فلموں کی بات کریں تو بطور اداکارہ رانی نے مشہور ہدایت کار انور کمال پاشا کی فلم محبوب سے اپنا سفر شروع کیا تھا۔ اس فلم میں شمیم آرا کے مد مقابل رانی نے ثانوی کردار نبھایا۔ یہ 1962 کی بات ہے اور اس کے بعد بھی وہ کئی فلموں میں مختلف کردار ادا کرتی نظر آئیں لیکن کام یابی ان کا مقدر نہ بنی۔ ان کی ابتدائی فلمیں ناکام ثابت ہوئیں یا رانی کسی بھی روپ میں فلم بینوں کو متاثر نہیں کرسکیں۔ لیکن دیور بھابھی نے راتوں رات انھیں شہرت کی بلندیوں پر پہنچا دیا۔ یہ فلم 1967 میں سنیما کی زینت بنی تھی اور دھوم مچا دی تھی۔ ناصرہ المعروف رانی اس فلم کی بدولت واقعی انڈسٹری کی "رانی” بن گئیں۔ فلم میں وحید مراد اور لیجنڈری اداکارہ صبیحہ خانم نے ٹائٹل رولز کیے تھے۔ بعد میں رانی نے دل میرا دھڑکن تیری، بہن بھائی، دیا اور طوفان، شمع اور پروانہ، بہارو پھول برساؤ، امراؤ جان ادا، اک گناہ اور سہی، خون اور پانی جیسی کام یاب فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے اور کام یابی ان کا مقدر بنی۔
اس دور میں پنجابی فلمیں بہت مقبول تھیں اور رانی کو فلم چن مکھناں سے بریک تھرو ملا تھا۔ ان کی دیگر مشہور پنجابی فلموں میں سجن پیارا، جند جان، مکھڑا چن ورگا، دنیا مطلب دی، ٹیکسی ڈرائیور اور سونا چاندی قابلِ ذکر ہیں۔ اردو فلموں میں رانی کی جوڑی اداکار کمال، وحید مراد اور شاہد کے ساتھ بہت پسند کی گئی۔ لیکن حقیقی زندگی میں وہ اپنی شادی شدہ جوڑی برقرار نہیں رکھ سکیں۔ انھوں نے تین ناکام شادیوں کے بعد تنہائی اور محرومی کا عذاب جھیلا اور الم ناک موت رانی کا مقدر بنی۔
فلمی پردے پر خوب صورت اور ناچتی گاتی نظر آنے والی اس اداکارہ نے ٹیلی ویژن کے ڈراموں میں بھی کام کیا۔ ان مقبول ترین ٹی وی ڈراموں میں خواہش اور فریب شامل ہیں۔ اداکارہ رانی لاہور میں مسلم ٹاؤن کے قبرستان میں آسودۂ خاک ہیں۔